Native World News

دارچینی کا پانی بالوں کے لیے کتنا فائدہ مند؟ ماہرین نے اہم فوائد اور احتیاطیں بتا دیں

دارچینی کا پانی بالوں کے لیے کتنا فائدہ مند؟ ماہرین نے اہم فوائد اور احتیاطیں بتا دیں

یہ خوشبودار مصالحہ نہ صرف کھانوں کا ذائقہ بڑھاتا ہے بلکہ بالوں کی صحت بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے

قدرتی طریقوں سے بالوں کی نگہداشت کا رجحان تیزی سے بڑھ رہا ہے اور اب روزمیری واٹر اور چاول کے پانی کے بعد دارچینی کا پانی بھی خوبصورتی کے شوقین افراد کی توجہ حاصل کر رہا ہے۔

ماہرین کے مطابق یہ خوشبودار مصالحہ نہ صرف کھانوں کا ذائقہ بڑھاتا ہے بلکہ بالوں کی صحت بہتر بنانے میں بھی اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

دارچینی دراصل ایک درخت کی چھال ہے جو پاکستان، بھارت، سری لنکا، چین اور افریقہ کے مختلف علاقوں میں پائی جاتی ہے۔ صدیوں سے اسے طبی اور غذائی فوائد کے لیے استعمال کیا جا رہا ہے، جبکہ حالیہ برسوں میں بالوں کی نگہداشت کے قدرتی نسخوں میں بھی اس کی مقبولیت میں اضافہ ہوا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ دارچینی میں موجود ایک اہم جزو ’’سنامل ڈیہائیڈ‘‘ کھوپڑی میں خون کی گردش بہتر بنانے میں مدد دیتا ہے۔ بہتر خون رسانی بالوں کی جڑوں کو مضبوط بنا سکتی ہے اور ان کی افزائش کے عمل کو تیز کرنے میں معاون ثابت ہو سکتی ہے۔ اس کے علاوہ دارچینی میں موجود اینٹی آکسیڈنٹس اور سوزش کم کرنے والی خصوصیات کھوپڑی کی جلن، خارش اور خشکی جیسے مسائل میں بھی فائدہ پہنچا سکتی ہیں۔

غذائی ماہرین کے مطابق دارچینی صرف بالوں تک محدود نہیں بلکہ مجموعی صحت کے لیے بھی مفید سمجھی جاتی ہے۔ یہ خون میں شوگر کی سطح متوازن رکھنے، نظامِ ہاضمہ کو بہتر بنانے، جسمانی چربی کم کرنے اور بلڈ پریشر کو قابو میں رکھنے میں مددگار ہو سکتی ہے۔

دارچینی کا پانی گھر پر آسانی سے تیار کیا جا سکتا ہے۔ اس کے لیے دارچینی کے دو ٹکڑوں کو دو کپ پانی میں تقریباً پندرہ منٹ تک ہلکی آنچ پر ابال کر ٹھنڈا کیا جاتا ہے، پھر اسے چھان کر اسپرے بوتل میں محفوظ کر لیا جاتا ہے۔ اگر دارچینی پاؤڈر استعمال کرنا ہو تو ایک کھانے کا چمچ پاؤڈر دو کپ گرم پانی میں شامل کرکے رات بھر چھوڑ دیا جاتا ہے اور بعد میں چھان کر استعمال کیا جاتا ہے۔

استعمال کے لیے دارچینی کے پانی کو براہِ راست کھوپڑی اور بالوں پر اسپرے کیا جا سکتا ہے۔ چند منٹ ہلکے ہاتھ سے مساج کرنے کے بعد اسے تقریباً آدھے گھنٹے تک لگا رہنے دیا جائے اور پھر ہلکے شیمپو سے دھو لیا جائے۔ بعض افراد اسے شیمپو کے بعد ہیئر رِنس کے طور پر بھی استعمال کرتے ہیں، جبکہ بہتر نتائج کے لیے اسے ناریل، بادام، روزمیری یا کیسٹر آئل کے ساتھ ملا کر بھی لگایا جا سکتا ہے۔

تاہم ماہرین خبردار کرتے ہیں کہ دارچینی کا استعمال ہر شخص کے لیے موزوں نہیں۔ جن افراد کو دارچینی سے الرجی ہو یا کھوپڑی پر زخم، ایکزیما یا چنبل جیسی جلدی بیماریاں موجود ہوں، انہیں اس نسخے سے گریز کرنا چاہیے۔ چونکہ دارچینی میں گرمی کی تاثیر پائی جاتی ہے، اس لیے اسے براہِ راست کھوپڑی پر لگانے کے بجائے کسی تیل یا شہد کے ساتھ ملا کر استعمال کرنا زیادہ محفوظ سمجھا جاتا ہے۔

ماہرین کے مطابق ہفتے میں دو مرتبہ دارچینی کے پانی کا استعمال کافی ہوتا ہے، جبکہ نمایاں نتائج کے لیے کم از کم بارہ ہفتوں تک باقاعدگی سے استعمال جاری رکھنا ضروری ہے۔ البتہ کسی بھی قدرتی نسخے کی طرح اس کے نتائج بھی مختلف افراد میں مختلف ہو سکتے ہیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2817419/how-beneficial-is-cinnamon-water-for-hair-experts-share-important-benefits-and-precautions-2817419

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.