Native World News

کراچی میں راستہ نہ دینے پر فیملی کے ساتھ سرعام بدسلوکی کے واقعے کا ڈراپ سین

کراچی میں راستہ نہ دینے پر فیملی کے ساتھ سرعام بدسلوکی کے واقعے کا ڈراپ سین

متاثرہ فیملی نے پولیس کو تحریری شکایت درج کرائی تھی جس پر پولیس نے ملزم کو بلایا اور اُس نے معافی مانگ لی

کراچی کے علاقے فیروز آباد میں بگڑے امیر زادے جوڑے کی جانب سے کار سوار فیملی کو ہراساں کرنے کے واقعے کا ڈراپ سین ہوگیا اور دونوں فریقین نے صلح نامہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق فیروز آباد تھانے کی حدود میں کار سوار فیملی کو لڑکے اور اس کے ساتھ خاتون نے مبینہ طور پر راستہ نہ دینے پر ہراساں کیا اور گاڑی کا شیشہ توڑ دیا تھا۔

واقعے کے وقت گاڑی میں شہری، اہلیہ اور بچے بھی موجود تھے جنہوں نے مشتعل شخص اور خاتون سے بچنے کیلیے دروازے لاک کرلیے تھے۔

سڑک پر ہنگامہ آرائی کرنے والے لڑکے اور خاتون نے گاڑی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی تو کار میں سوار شخص نے ویڈیو بنالی جس میں اگلا شیشہ ونڈ اسکرین ٹوٹنے کا منظر بھی ریکارڈ ہوگیا۔

اس حوالے سے فیروز آباد پولیس نے رابطہ کرنے پر معلومات دیں کہ واقعہ گزشتہ روز پیش آیا جبکہ متاثرہ شخص وسیم الطاف نے تحریری شکایت بھی درج کرادی ہے۔

حکام نے بتایا کہ تحریری درخواست موصول ہونے کے بعد متاثرہ فیملی سے رابطہ ہوگیا ہے جو ڈیفنس ویو کی رہائشی ہے اور یہ معاملہ دو خاندانوں کے آپسی جھگڑے کی وجہ سے پیش آیا۔

ایس ایچ او فیروز آباد عدیل افضال نے کہا کہ متاثرہ فیملی نے صرف شکایت درج کرائی ہے تاہم انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ہنگامہ آرائی کرنے والے لڑکے اور خاتون کو پولیس تلاش کررہی ہے۔

فیروز آباد تھانے میں درج متاثرہ شخص نے بتایا کہ وہ دوپہر 12 بجے اپنی فیملی کے ساتھ موجود تھا کہ نامعلوم شخص اور خاتون جو ٹویوٹا یارس گاڑی میں سوار تھے انہوں نے میری گاڑی کا سائیڈ مرر اور فرنٹ شیشہ توڑ دیا جبکہ میرے ساتھ گالم گلوش کی اور سرعام بدمعاشی کی۔

درخواست گزار نے یہ بھی لکھا کہ ملزمان نے ہماری گاڑی کا تو نقصان پہنچایا اور ان سب کی میرے پاس بطور ثبوت ویڈیو موجود ہے لہذا ان کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے اور اسی دوران میں گاڑی میں بیٹھ رہا اور یہ سارا واقعہ دیکھتا رہا۔

متاثرہ شخص نے درخواست میں لکھا کہ اس واقعے کی وجہ سے میں، اہلیہ اور بچے بہت زیادہ خوفزدہ ہوگئے ہیں۔

دوسری جانب پی ای سی ایچ ایس میں راستہ نہ دینے کے الزام میں گاڑی سوار فیملی کو ہراساں کرنے اور گاڑی کی توڑ پھوڑ کا معاملہ دونوں فریقین کے راضی نامے کے بعد ختم ہوگیا۔

ایس ایچ او فیروز آباد عدیل افضال نے بتایا کہ درخواست گزار وسیم چیمہ کی گاڑی کو نقصان پہنچانے والے منیب کو پولیس نے تھانے طلب کیا تھا جہاں ان کی جانب سے درخواست گزار سے معذرت کی گئی جس کے بعد دونوں فریقین میں راضی نامہ ہوگیا اور وہ اپنے گھروں کو چلے گئے مذکورہ واقعہ 20 مئی کی شام کو پیش آیا تھا۔

Source: https://www.express.pk/story/2814114/karachi-another-harassment-case-with-family-2814114

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.