دہشت گرد خواتین کو خودکش بمبار بنانا چاہتے ہیں، ہم انہیں ترقی اور خودمختاری دیں گے، وزیر اعلیٰ بلوچستان
بلوچستان کی تاریخ میں ایک سنگ میل ثابت ہونے والا اقدام اٹھاتے ہوئے صوبائی حکومت نے خواتین انٹرپرینورز کے لیے صوبے کی پہلی مصنوعی ذہانت (اے آئی) لیب کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے۔
اے آئی لیب نہ صرف خواتین کو جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دے گی بلکہ انہیں معاشی طور پر خودمختار بنانے میں اہم کردار ادا کرے گی۔
وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے اس موقع پر اظہار مسرت کرتے ہوئے کہا کہ یہ صرف ایک لیب کا افتتاح نہیں بلکہ بلوچستان کی خواتین کو معاشی استحکام اور بااختیاری کی جانب ایک تاریخی قدم ہے۔ ہماری حکومت خواتین کو ترقی، تعلیم اور روزگار کے مواقع فراہم کر کے انہیں باوقار مستقبل دینا چاہتی ہے۔
پہلا مرحلہ میں 20 خواتین کی تربیت شروع کر دی گئی گئی جس میں منتخب خواتین انٹرپرینورز کو جدید اے آئی ٹولز، ڈیجیٹل مارکیٹنگ، بزنس انٹیلی جنس اور جدید ٹیکنالوجی کی تربیت دی جا رہی ہے۔
تربیت کا معیار عالمی سطح کا ہوگا اور کامیاب ہونے والی خواتین کو سرٹیفکیٹ کے ساتھ ساتھ بزنس سیٹ اَپ کے لیے بھی معاونت فراہم کی جائے گی۔ حکومت کا منصوبہ ہے کہ اس پروگرام کو مرحلہ وار تمام اضلاع تک وسعت دی جائے گی تاکہ دور دراز علاقوں کی خواتین بھی اس سے مستفید ہو سکیں۔
وزیر اعلیٰ میر سرفراز بگٹی نے دہشت گرد عناصر پر شدید تنقید کرتے ہوئےاپنے خطاب میں کہا کہ دہشت گرد عناصر ہماری بہنوں اور بیٹیوں کو گمراہ کر کے خودکش حملہ آور بنانا چاہتے ہیں لیکن بلوچستان کی حکومت ان کے اس مذموم عزائم کا مقابلہ تعلیم، ترقی اور روزگار کے مواقع سے کر رہی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ پنک اسکوٹی اسکیم، اسکالرشپس، آسان شرائط پر قرضے اور اب اے آئی لیب جیسی اقدامات خواتین کو معاشی طور پر مستحکم اور خودمختار بنانے کی عملی کوششیں ہیں۔
میر سرفراز بگٹی نے واضح کیا کہ خواتین اور نوجوانوں کی ترقی معاشی خودمختاری، جدید تعلیم اور فنی تربیت بلوچستان حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ یہ اقدام نہ صرف صوبے میں خواتین کے کردار کو مضبوط کرے گا بلکہ بلوچستان کو ڈیجیٹل معیشت کی طرف لے جانے میں بھی مددگار ثابت ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ اے آئی کی تربیت حاصل کرنے والی خواتین نہ صرف اپنے لیے بلکہ خاندان اور معاشرے کے لیے بھی مثبت تبدیلی لا سکتی ہیں۔
صوبائی حکومت کا کہنا ہے کہ آنے والے مہینوں میں مزید ایسی لیبز قائم کی جائیں گی اور خواتین کے لیے مخصوص انکیوبیٹرز اور اسٹارٹ اپ فنڈ بھی جاری کیے جائیں گے۔ یہ خبر بلوچستان کے لیے ایک امید کی کرن ہے جہاں خواتین اب نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے نہ صرف خود کو بلکہ پورے صوبے کو ترقی کی راہ پر لے جانے میں اہم کردار ادا کر سکیں گی۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.