Native World News

ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری

ذوالحجہ کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس جاری

رویت ہلال کمیٹی نے چاند کی رویت سے متعلق اعلان کیا

مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے عیدالاضحیٰ کا چاند نظر آنے کا اعلان کردیا جس کے مطابق عیدالاضحیٰ 27 مئی بروز بدھ کو ہوگی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق رویت ہلال کمیٹی کا کراچی محکمہ موسمیات میں اجلاس چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اسی طرح زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس صوبائی ہیڈ کوارٹرز لاہور، کوئٹہ اور پشاور میں منعقد ہوئے۔

اجلاس کے بعد چیئرمین کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے چاند نظر آنے کا اعلان کیا اور کہا ہے کہ کل بروز پیر یکم ذوالحجہ ہوگی جب کہ عید الاضحیٰ بروز بدھ 27 مئی کو ہوگی۔

یہ پڑھیں:سعودی عرب میں عیدالاضحی کب ہوگی؟ اعلان ہوگیا

قبل ازیں انہوں نے کہا تھا کہ زونل کمیٹیوں سے رابطے میں ہیں، جیسے ہی شہادتیں موصول ہوں گی چاند کا اعلان کردیں گے، کراچی میں مطلع صاف ہے اور چاند نظر آنے کے قوی امکانات ہیں۔

عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی، سپارکو کی پیش گوئی

یاد رہے کہ ذوالحجہ 1447 ہجری کے چاند کی متوقع رویت سے متعلق پاکستان اسپیس اینڈ اپر ایٹماسفیئر ریسرچ کمیشن (سپارکو) نے اپنی پیش گوئی میں کہا تھا کہ ذوالحجہ 1447 ہجری کا نیا چاند 17 مئی 2026ء کو رات 1 بج کر 1 منٹ پر پاکستان اسٹینڈرڈ ٹائم کے مطابق پیدا ہونے کی توقع ہے۔

سپارکو کے مطابق 17 مئی 2026ء کو غروب آفتاب کے وقت نئے چاند کی عمر تقریباً 18 گھنٹے 30 منٹ ہوگی۔

سپارکو نے بتایا کہ پاکستان کے ساحلی علاقوں میں غروب آفتاب اور غروب ماہتاب کے درمیان تقریباً 60 منٹ کا وقفہ متوقع ہے۔

سپارکو کے مطابق ان فلکیاتی اعداد و شمار کی بنیاد پر 17 مئی 2026 کی شام ذوالحجہ کا چاند نظر آنے کے امکانات موافق تصور کیے جا رہے ہیں، بشرطیکہ موسم صاف ہو اور افق کے قریب حد نگاہ بہتر ہو۔

سپارکو کے مطابق یکم ذوالحجہ 1447 ہجری بروز پیر 18 مئی 2026 متوقع ہے، جو ماہ ذوالقعدہ کے اختتام کی علامت ہوگی۔

سپارکو نے امکان ظاہر کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ 27 مئی کو ہوگی، سپارکو کے مطابق ذوالحجہ کے چاند کی رویت اور نئے اسلامی مہینے کے آغاز کے بارے میں حتمی فیصلہ پاکستان کی مرکزی رویت ہلال کمیٹی کرے گی۔

سپارکو نے کہا کہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی ملک بھر سے موصول ہونے والی معتبر شہادتوں اور مصدقہ مشاہدات کی بنیاد پر اسلامی مہینوں کے آغاز کا اعلان کرنے کا مجاز ادارہ ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2813420/ruet-e-hilal-committee-to-meet-today-for-zilhajj-moon-sighting-2813420/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.