Native World News

قومی اسمبلی اجلاس: عالمی امن کےلیے عظیم مصالحانہ کردار پر اظہار تشکر کی متفقہ قرارداد منظور

قومی اسمبلی اجلاس: عالمی امن کےلیے عظیم مصالحانہ کردار پر اظہار تشکر کی متفقہ قرارداد منظور

قومی اسمبلی کے اجلا س میں وفاقی وزیرقانون وانصاف اعظم نذیرتارڑ نے اس حوالہ سے قراردادایوان میں پیش کی

قومی اسمبلی نے پاکستان کی کوششوں اورثالثی سے امریکااورایران کے درمیان امن معاہدے کے حوالہ سے تہنیتی قرارداد کی منظوری دیدی۔

قومی اسمبلی کے اجلا س میں وفاقی وزیرقانون وانصاف اعظم نذیرتارڑ نے اس حوالہ سے قراردادایوان میں پیش کرنے کی اجازت چاہی، اجازت ملنے پرانہوں نے قراردارپڑھ کرسنائی، جس کی ایوان نے متفقہ طور پر منظوری دی۔

قراردارکے متن میں بتایا گیاہے کہ پاکستان کی قومی اسمبلی انتہائی اطمینان اور فخر کے ساتھ اس تاریخی سفارتی کامیابی کو نوٹ کرتی ہے، جو امریکہ اور اسلامی جمہوریہ ایران کے درمیان محاذآرائی کے خاتمے، اور امن و استحکام کے لیے ایک فریم ورک پر مبنی معاہدے پر دستخط کی صورت میں سامنے آئی ہے۔

یہ ایوان اس تنازعہ کے علاقائی امن و استحکام پر منفی اثرات کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے ممالک کی معاشی استحکام اور توانائی کے تحفظ پر پڑنے والے اثرات کو بھی تسلیم کرتا ہے۔

قراردارکے متن میں بتایاگیاہے کہ ایوان وزیرِ اعظم پاکستان محمد شہباز شریف، نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِ داخلہ سید محسن نقوی، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، اور مذاکراتی عمل میں شامل پوری ٹیم کی خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہے ان کی مخلصانہ اور انتھک کاوشوں نے پاکستان کو عالمی سطح پر ایک قابلِ اعتماد اور غیر جانبدار ثالث کے طور پر نمایاں مقام دلایا۔

یہ ایوان اسلامی جمہوریہ ایران اور ریاست ہائے متحدہ امریکہ کی قیادت کو بھی مبارکباد پیش کرتا ہے اور ان کی دانشمندانہ قیادت کو سراہتا ہے، جس کے نتیجے میں مذاکرات کامیابی سے مکمل ہوئے اور اس تاریخی امن معاہدے پر دستخط ممکن ہوئے۔یہ معاہدہ خطے اور دنیا میں امن، استحکام اور باہمی تعاون کے فروغ کی جانب ایک اہم سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2818257/national-assembly-session-a-unanimous-resolution-expressing-gratitude-for-the-great-conciliatory-role-for-world-peace-was-passed-2818257/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.