Native World News

برطانوی ریڈیو نے اچانک کنگ چارلس کی موت کا اعلان کردیا، ہلچل مچ گئی

برطانوی ریڈیو نے اچانک کنگ چارلس کی موت کا اعلان کردیا، ہلچل مچ گئی

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب کنگ چارلس اور ملکہ کومیلا شمالی آئرلینڈ کے دورے پر موجود تھے

کنگ چارلس کی موت کا غلط اعلان کرنے پر برطانیہ کے ایک ریڈیو اسٹیشن نے عوام اور شاہی خاندان سے معذرت کر لی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق سابق برطانوی پائریٹ ریڈیو اسٹیشن ریڈیو کیرولائن نے منگل کے روز غلطی سے کنگ چارلس سوم کے انتقال کی خبر نشر کردی، جس کے بعد کچھ دیر کیلئے نشریات بھی بند ہوگئیں۔

ریڈیو اسٹیشن کے منیجر پیٹر مور نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں بتایا کہ یہ غلطی اسٹوڈیو کے کمپیوٹر سسٹم میں خرابی کے باعث ہوئی، جس سے بادشاہ کی وفات کے اعلان کا خصوصی پروٹوکول خودکار طور پر فعال ہوگیا۔

انہوں نے کہا کہ برطانیہ کے تمام ریڈیو اسٹیشنز کے پاس بادشاہ یا ملکہ کے انتقال کی صورت میں ایک خصوصی نشریاتی طریقہ کار موجود ہوتا ہے لیکن اس بار یہ نظام غلطی سے متحرک ہوگیا۔

پیٹر مور کے مطابق سسٹم فعال ہونے کے بعد ریڈیو اسٹیشن خاموش ہوگیا، جس سے عملے کو فوری طور پر صورتحال کا علم ہوا اور پروگرام بحال کرکے آن ائیر معذرت نشر کی گئی۔

ریڈیو اسٹیشن نے اپنے بیان میں کہا کہ ’ہم شاہ چارلس اور اپنے سامعین سے اس غلطی اور پریشانی پر معذرت خواہ ہیں۔

یہ واقعہ ایسے وقت پیش آیا جب کنگ چارلس اور ملکہ کومیلا شمالی آئرلینڈ کے دورے پر موجود تھے اور مختلف تقریبات میں شرکت کر رہے تھے۔

واضح رہے کہ ریڈیو کیرولائن 1964 میں بی بی سی کی اجارہ داری کے خلاف قائم کیا گیا تھا اور یہ کئی برس تک سمندر میں موجود جہازوں سے نشریات نشر کرتا رہا۔

Source: https://www.express.pk/story/2814003/radio-station-accidentally-announces-death-of-king-charles-iii-2814003

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.