حماس نے ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے ابتدائی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے
تہران: ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے حماس کی سیاسی قیادت کے ایک سینئر رکن سے ٹیلیفونک رابطہ کیا ہے جس میں ایران اور امریکا کے درمیان جاری مذاکرات، خطے کی تازہ صورتحال اور فلسطین کے معاملے پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق عباس عراقچی نے حماس کے سیاسی بیورو کے رکن باسم نعیم سے گفتگو کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں ہونے والی حالیہ پیش رفت اور ایران امریکا مذاکرات سے متعلق تبادلۂ خیال کیا۔
رپورٹس کے مطابق حماس نے ایران اور امریکا کے درمیان ہونے والے ابتدائی معاہدے کا خیرمقدم کیا ہے اور امید ظاہر کی ہے کہ اس پیش رفت سے غزہ میں جاری کشیدگی اور تشدد کے خاتمے میں بھی مدد ملے گی۔
گفتگو کے دوران ایرانی وزیر خارجہ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اسلامی جمہوریہ ایران فلسطینی عوام اور ان کے جائز قومی حقوق کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایران فلسطینیوں کی جدوجہد اور ان کے حقوق کے حصول تک ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔
ایرانی میڈیا کے مطابق دونوں رہنماؤں نے غزہ کی موجودہ صورتحال، خطے میں امن کے امکانات اور فلسطینی عوام کو درپیش چیلنجز پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
یہ رابطہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ایران اور امریکا کے درمیان مذاکراتی عمل میں پیش رفت کی اطلاعات موصول ہو رہی ہیں اور مختلف علاقائی فریق مستقبل کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.