Native World News

کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، 5 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس نے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائیاں کرتے ہوئے مبینہ پولیس مقابلوں کے دوران 5 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، نقدی، موبائل فونز اور مسروقہ موٹر سائیکل بھی برآمد کر لی گئی۔

پولیس کے مطابق سپر مارکیٹ تھانے کی حدود میں لیاقت آباد چونا ڈپو کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس کے نتیجے میں دو ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔

زخمی ملزمان کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ان کی شناخت احمد اور محمد سلیم کے ناموں سے کی گئی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور ایک مسروقہ موٹر سائیکل برآمد ہوئی ہے، جبکہ ان کے خلاف مزید تفتیش جاری ہے۔

دوسری جانب گڈاپ سٹی پولیس نے سپر ہائی وے کے قریب کارروائی کرتے ہوئے مبینہ بین الصوبائی ڈکیت گروہ کے ایک کارندے کو پولیس مقابلے کے بعد زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق ملزم سے اس کے ساتھیوں اور جرائم کی وارداتوں کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔

ادھر شاہ لطیف ٹاؤن پولیس نے سیکٹر 17-A کے قریب مبینہ مقابلے کے دوران دو ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق چھیپا کے رضاکاروں نے دونوں زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ملزمان کی شناخت 45 سالہ حیات اور 38 سالہ خادم حسین کے ناموں سے ہوئی ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2818036/karachi-police-encounters-in-different-areas-of-the-city-5-robbers-arrested-in-injured-condition-2818036

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.