میری موکل کو غیر قانونی طور پر تحویل میں رکھا گیا اور غیر قانونی طریقے سے گرفتار کرکے جھوٹے مقدمات بنائے گئے، وکیل
انمول پنکی کو کہاں سے گرفتار کیا گیا اور لاپتا ہونے کی درخواست کہاں دائر کی گئی؟ اس حوالے سے وکیل نے تفصیلات بتا دیں۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق کوکین کوئین، منشیات ڈیلر انمول عرف پنکی کے کیس میں ملزمہ کے وکیل پیر ہدایت اللہ ایڈووکیٹ نے عدالت میں اپنا وکالت نامہ جمع کروا دیا۔
اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وکیل نے بتایا کہ ملزمہ انمول کو یکم مئی کو لاہور سے حراست میں لیا گیا تھا، جس کے بعد مسنگ پرسن سے متعلق درخواست لاہور میں دائر کی تھی۔
پیر ہدایت اللہ ایڈووکیٹ نے بتایا کہ میری موکل کو غیر قانونی طور پر تحویل میں رکھا گیا ۔ ملزمہ کو غیر قانونی طریقے سے یہاں گرفتار کرکے جھوٹے مقدمات بنائے گئے۔ میں نے انمول کے مقدمات میں وکالت نامہ جمع کرایا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ آج انمول کو عدالت میں پیش کیا جانا تھا مگر پولیس نے پیش نہیں کیا۔ پولیس نے عدالت میں بھی کسی قسم کی کوئی اطلاع یا رپورٹ جمع نہیں کرائی ہے۔ مجھے معلوم ہوا ہے کہ انمول کی رات سے طبیعت خراب ہے۔ انمول نے مجھ سے سانس لینے اور کڈنی میں درد کی شکایت کی تھی۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.