Native World News

روس نے یوکرین کے 550 سے زائد ڈرونز مار گرائے

روس نے یوکرین کے 550 سے زائد ڈرونز مار گرائے

یہ حملہ 9 اور 11 مئی کے درمیان امریکی ثالثی میں ہونے والی ایک مختصر جنگ بندی کے خاتمے کے چند دن بعد ہوا

یوکرین نے روس پر سینکڑوں ڈرونز سے حملہ کیا جس میں سے روس نے 556 ڈرونز مار گرائے تاہم اس کے نتیجے میں 3 افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوگئے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ماسکو کے قریب کم از کم تین افراد ہلاک اور 12 زخمی ہوئے جب یوکرین نے روس پر بڑے پیمانے پر ڈرون حملہ کیا جس میں سے روسی افواج نے راتوں رات 556 ڈرون مار گرائے۔

ایک بیان میں روس کی وزارت دفاع نے وضاحت کی کہ ڈرونز کو ماسکو سمیت متعدد علاقوں میں روکا گیا۔ ماسکو کے علاقائی گورنر آندرے ووروبیوف نے اطلاع دی ہے کہ دارالحکومت کے شمال میں خمکی میں ایک گھر پر حملے کے نتیجے میں ایک خاتون ہلاک ہو گئی، جب کہ میتیشچی ضلع کے گاؤں پوگوریلکی میں دو مرد ہلاک ہوئے۔ کئی رہائشی عمارتوں اور بنیادی ڈھانچے کو بھی نقصان پہنچا۔

یہ حملہ 9 اور 11 مئی کے درمیان امریکی ثالثی میں ہونے والی ایک مختصر جنگ بندی کے خاتمے کے چند دن بعد ہوا جو روس کے یوم فتح کی یادگاروں اور قیدیوں کے تبادلے سے منسلک تھا، جس کے بعد ماسکو اور کیف نے ایک دوسرے پر بار بار خلاف ورزیوں کا الزام عائد کیا ہے۔

حالیہ ہفتوں میں یوکرین پر روسی حملوں میں بھی تیزی آئی ہے۔ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلینسکی نے اس سے قبل کہا تھا کہ روسی افواج نے جنگ بندی کی مدت ختم ہونے کے بعد 200 سے زیادہ ڈرونز لانچ کیے، جن میں کیف، دنیپرو، چرکاسی، زیتومیر، میکولائیو اور دیگر علاقوں کو نشانہ بنایا گیا۔

Source: https://www.express.pk/story/2813441/russia-downs-550-ukrainian-drones-15-casualties-2813441

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.