Native World News

گرم موسم میں پلیئرز کا زور بازو آزمایا جائے گا، طویل کیمپ لگانے کی تیاری

گرم موسم میں پلیئرز کا زور بازو آزمایا جائے گا، طویل کیمپ لگانے کی تیاری

اس سے قبل این سی اے میں ریڈ بال کیمپ لگا تھا جس میں 17 کرکٹرز شریک ہوئے تھے

گرم موسم میں پلیئرز کا زور بازو آزمایا جائے گا، پی سی بی نے فٹنس اور تکنیک میں بہتری کیلیے طویل کیمپ لگانے کا فیصلہ کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستانی کرکٹ ٹیم گزشتہ کافی عرصے سے کسی بھی طرز کی کرکٹ میں تسلسل کے ساتھ اچھا کھیل پیش نہیں کر رہی ہے، آئی سی سی ایونٹس میں بھی کارکردگی مناسب نہیں رہتی، نوبت یہ آ چکی کہ اب بنگلادیش جیسی ٹیم بھی اسے مسلسل تین ٹیسٹ میچز میں ہرا چکی ہے۔

اس صورتحال نے حکام کی پریشانی میں اضافہ کر دیا، وجوہات جاننے کیلیے ’تھنک ٹینک‘ کئی بار تبادلہ خیال بھی کر چکا، اس میں یہ نشاندہی ہوئی کہ کرکٹرز اب خود کو حد سے زیادہ مصروف رکھتے ہیں، ان کے پاس اپنی فٹنس اور تکنیک پر کام کرنے کا وقت ہی نہیں، جب قومی ٹیم کی نمائندگی نہ کر رہے ہوں تو وہ لیگز کھیلنے چلے جاتے ہیں۔

اسی وجہ سے اب پی سی بی نے  طویل کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا ہے جو ستمبر تک جاری رہے گا، اس حوالے سے کام کا آغاز بھی ہو چکا، 7 روزہ این سی اے وائٹ بال کیمپ جمعے سے لاہور میں شروع ہو رہا ہے، اس میں 28 کھلاڑیوں کو مدعو کیا گیا ہے جو 21 مئی تک آسٹریلیا سے سیریز کی تیاریاں کریں گے۔

انڈر19 فاسٹ بولرز علی رضا اور عبدالسبحان بھی اس کیمپ کا حصہ ہیں۔

اس سے قبل این سی اے میں ریڈ بال کیمپ لگا تھا جس میں 17 کرکٹرز شریک ہوئے تھے۔

آسٹریلیا سے ون ڈے میچز ختم ہونے کے بعد دوبارہ طویل کیمپ شروع ہو گا، گرم موسم میں پلیئرز سے محنت کروائی جائے گی، فٹنس کے حوالے سے بھی کام ہوگا، حالیہ وائٹ بال کیمپ میں صائم ایوب شامل نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق وہ پی ایس ایل میں فیلڈنگ کے دوران گھٹنے کی انجری کا شکار ہو گئے تھے اور اب تک مکمل فٹ نہیں ہو سکے، انہیں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ٹو میں کنگزمین کی نمائندگی کرنا تھی لیکن فٹنس مسائل کی وجہ سے باہر ہیں۔

صائم عید کے بعد کیمپ کو جوائن کر لیں گے، حکام کو ان کی کارکردگی  کے حوالے سے سخت تشویش ہے اور بہتری پر کیمپ میں کام کیا جائے گا، پاور پلے میں بیٹنگ سمیت جدید کرکٹ کے تمام تقاضوں سے کھلاڑیوں کو ہم آہنگ کرنے کی کوشش ہوگی۔

پی سی بی نوجوان ٹیلنٹ کو بھی مزید مواقع دینا چاہتا ہے، اذان اویس اور عبداللہ فضل کی عمدہ کارکردگی نے  سلیکٹرز کا حوصلہ مزید بڑھا دیا، اب پیسر علی رضا کو بھی جلد موقع دینے کا امکان ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2813165/players-strength-will-be-tested-in-hot-weather-preparations-for-long-camps-2813165/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.