مجموعی طور پر 8 خواتین سمیت 403 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں
گلگت بلتستان اسمبلی انتخابات 2026 کے لیے امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کر دی گئی ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فہرست کے مطابق مجموعی طور پر 403 امیدوار انتخابی میدان میں آگئے ہیں، جن میں سے 272 آزاد امیدوار جبکہ 131 سیاسی جماعتوں کے امیدوار انتخابات میں حصہ لیں گے۔
انتخابات میں مجموعی طور پر 8 خواتین امیدوار بھی شامل ہیں۔ خواتین امیدواروں میں سے 5 آزاد حیثیت سے انتخابات میں حصہ لیں گی جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی، استحکام پاکستان پارٹی اور پی این پی کی ایک، ایک خاتون امیدوار بھی انتخابی میدان میں موجود ہیں۔
سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کی تفصیلات کے مطابق پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرینز کے 23 امیدوار انتخابات میں حصہ لیں گے جبکہ پاکستان مسلم لیگ ن کے 22 امیدوار میدان میں اتریں گے۔ جمعیت علماء اسلام کے 9 امیدوار، اسلامی تحریک پاکستان کے 10 امیدوار اور جماعت اسلامی کے 6 امیدوار بھی انتخابات میں شریک ہوں گے۔
اسی طرح مجلس وحدت المسلمین کے 7 امیدوار انتخابات میں حصہ لیں گے جبکہ استحکام پاکستان پارٹی کے 15 امیدوار انتخابی میدان میں موجود ہیں۔ پاکستان نظریاتی پارٹی کے 10 امیدوار بھی الیکشن لڑیں گے جبکہ ایم کیو ایم کے 6 امیدوار انتخابات میں شریک ہوں گے۔ عوامی ورکرز پارٹی کے 4 امیدوار بھی میدان میں ہیں۔
علاوہ ازیں عوامی نیشنل پارٹی، عوامی پاکستان، مرکزی مسلم لیگ، تحریک تحفظ پاکستان پارٹی، سنی اتحاد کونسل اور تحریک لبیک پاکستان کا ایک، ایک امیدوار انتخابات میں حصہ لے گا۔ پاکستان مسلم لیگ کے 11 امیدوار جبکہ مسلم لیگ ق کے ایک امیدوار بھی انتخابی میدان میں موجود ہیں۔ پیپلز پارٹی ٹاور گروپ کا بھی ایک امیدوار انتخابات میں حصہ لے رہا ہے۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.