Native World News

لبنان میں شہریوں کی جبری بے دخلی جنگی جرم ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل کا اسرائیل پر سنگین الزام

لبنان میں شہریوں کی جبری بے دخلی جنگی جرم ہے، ایمنسٹی انٹرنیشنل کا اسرائیل پر سنگین الزام

تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس پالیسی کو جاری رکھا گیا تو لبنان میں انسانی بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے

بیروت: انسانی حقوق کی عالمی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اسرائیلی فوج پر لبنان میں بڑے پیمانے پر شہریوں کی جبری بے دخلی کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ اقدامات بین الاقوامی قانون کے تحت ’جنگی جرائم‘ کے زمرے میں آسکتے ہیں۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی لبنان کے مختلف علاقوں میں اسرائیلی فوج نے شہریوں کو اپنے گھروں اور آبائی علاقوں سے نکلنے پر مجبور کیا اور بعد ازاں ان کی واپسی پر بھی پابندی عائد کر دی، جو بین الاقوامی انسانی قانون کے مطابق ’غیر قانونی منتقلی‘ شمار ہوتی ہے۔

تنظیم کے مطابق اس نتیجے تک پہنچنے کے لیے اسرائیلی فوج کے ان احکامات کا جائزہ لیا گیا جن کے تحت وسیع علاقوں کو عام شہریوں کے لیے ممنوع قرار دیا گیا تھا۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسرائیل نے لبنان میں ایسے احکامات کے استعمال کو نمایاں طور پر بڑھایا، جس کے نتیجے میں لاکھوں افراد متاثر ہوئے اور سیکڑوں ہزاروں شہریوں کو نقل مکانی پر مجبور ہونا پڑا۔

ایمنسٹی انٹرنیشنل کی مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے لیے نائب علاقائی ڈائریکٹر کرسٹین بیکرلے نے کہا کہ اسرائیلی افواج کو لبنانی علاقوں سے فوری طور پر انخلا کرنا چاہیے اور شہری آبادیوں کو جبری طور پر بے دخل کرنے کی پالیسی ترک کرنی چاہیے۔

رپورٹ کے مطابق نومبر 2024 میں جنگ بندی کے ایک دن بعد اسرائیلی فوج نے لبنان کے تقریباً 4.6 فیصد رقبے کو ’نو گو زون‘ قرار دیا تھا۔ بعد ازاں اپریل 2026 میں ایک نئی جنگ بندی کے اعلان کے صرف تین دن بعد اس ممنوعہ علاقے کو بڑھا کر تقریباً 6 فیصد تک کر دیا گیا اور اسے "فارورڈ ڈیفنس زون کا نام دیا گیا۔

ایمنسٹی کے مطابق ان علاقوں میں واقع متعدد دیہاتوں کے رہائشیوں کو واپس آنے سے روک دیا گیا، حالانکہ ان دیہاتوں میں جنگ سے پہلے دسیوں ہزار شہری آباد تھے۔

تنظیم نے خبردار کیا ہے کہ اگر اس پالیسی کو جاری رکھا گیا تو لبنان میں انسانی بحران مزید سنگین ہو سکتا ہے اور متاثرہ آبادیوں کے بنیادی حقوق مزید متاثر ہوں گے۔

Source: https://www.express.pk/story/2817922/amnesty-international-accuses-israel-of-war-crimes-in-lebanon-2817922/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.