Native World News

ٹیکس، ڈیوٹیز وصولی کیلئے ہفتہ، اتوار کو بینکوں کی مجاز شاخیں کھلی رکھنے کا حکم

ٹیکس، ڈیوٹیز وصولی کیلئے ہفتہ، اتوار کو بینکوں کی مجاز شاخیں کھلی رکھنے کا حکم

ٹیکس دہندگان کو سہولت دینے کی غرض سے ایف بی آر کی درخواست پر یہ فیصلہ کیا گیا ہے، اسٹیٹ بینک

اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی درخواست پر سرکاری ڈیوٹیز اور ٹیکس وصولی کے لیے 23(ہفتہ اور  24(اتوار) مئی 2026 کو بینکوں کو مجاز شاخیں کھلی رکھنے کی ہدایت کی ہے۔

اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ ٹیکس دہندگان کو سرکاری ڈیوٹیوں اور ٹیکسوں کی بذریعہ کاؤنٹر ادائیگی میں سہولت دینے کی غرض سے ایف بی آر کی درخواست پر فیصلہ کیا گیا ہے کہ کمرشل بینکوں کی وہ تمام شاخیں (بشمول کسٹمز وصولی سے نمٹنے والی نیشنل بینک کی شاخیں) جو ہفتے کو کھلی رہتی ہیں، وہ ہفتہ 23 مئی اور اتوار 24 مئی 2026 کو صبح 9.00 بجے سے سہ پہر 3.00 بجے تک کھلی رہیں گی۔

بینکوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنی متعلقہ برانچیں 24 مئی 2026 کو اس وقت تک کھلی رکھیں جب تک نفٹ کو سرکاری ٹرانزیکشن کے لیے خصوصی کلیئرنگ میں سہولت درکار ہو۔

اسٹیٹ بینک نے یہ ہدایت بھی کی ہے کہ بینک یہ یقینی بنائیں گے کہ سرکاری ڈیوٹیز اور ٹیکسوں کی آن لائن ادائیگی میں سہولت دینے کے لیے آن لائن ادائیگی کے ذرائع یعنی انٹرنیٹ بینکنگ، موبائل ایپلی کیشن، اے ٹی ایم اور دیگر ڈیجیٹل پلیٹ فارم بلاتعطل خدمات فراہم کرتے رہیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2814278/tax-duties-collection-saturday-sunday-bank-open-2814278/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.