Native World News

کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، ایک ڈاکو جاں بحق، 4 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

کراچی، شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس مقابلے، ایک ڈاکو جاں بحق، 4 ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار

زخمی ملزمان کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا

شہر قائد کے مختلف علاقوں میں پولیس اور مبینہ ڈاکوؤں کے درمیان ہونے والے مبینہ مقابلوں کے دوران ایک ملزم ہلاک جبکہ چار زخمی حالت میں گرفتار کر لیے گئے۔

پولیس نے گرفتار ملزمان کے قبضے سے اسلحہ، موبائل فونز، نقد رقم اور موٹرسائیکل بھی برآمد کر لی۔

لیاقت آباد نمبر 4 میں گجر نالے کے قریب فائرنگ کے ایک واقعے میں تقریباً 40 سالہ ایک مبینہ ڈاکو ہلاک ہوگیا۔

ریسکیو حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے شخص کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جبکہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ کی زد میں آ کر جان سے ہاتھ دھو بیٹھا۔

دوسری جانب عوامی کالونی پولیس نے کورنگی نمبر 5 اسٹاپ کے قریب مبینہ مقابلے کے بعد دو ملزمان کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔

پولیس کے مطابق گرفتار افراد کی شناخت شعیب شاہ اور اویس تاج کے ناموں سے ہوئی ہے جنہیں طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ملزمان کے قبضے سے دو پستولیں، تین موبائل فونز اور نقد رقم برآمد ہوئی ہے۔

ادھر شارع نور جہاں تھانے کی حدود میں نارتھ ناظم آباد بلاک Q کے علاقے میں بھی مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جہاں دو مزید ملزمان زخمی حالت میں گرفتار کیے گئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق زخمی ملزمان کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جن کی شناخت ماجد اور شفیق خان کے ناموں سے کی گئی ہے۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزمان سے اسلحہ، موبائل فونز، ڈیڑھ لاکھ روپے نقد رقم اور ایک موٹرسائیکل برآمد کی گئی ہے۔ تمام ملزمان کے خلاف مقدمات درج کرکے مزید تفتیش شروع کر دی گئی ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2817689/karachi-police-encounters-in-different-areas-of-the-city-one-robber-killed-4-robbers-arrested-in-injured-condition-2817689/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.