ای وی اور ڈبل ڈیکر بسوں کی بڑی تعداد کو بھی شہری ٹرانسپورٹ نظام کا حصہ بنایا جا رہا ہے، سینئر صوبائی وزیر
سینئر صوبائی وزیر شرجیل انعام میمن نے کراچی کے عوام کے لیے بڑی خوش خبری سنادی۔
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اعلان کیا ہے کہ رواں سال ڈبل ڈیکر اور جدید الیکٹرک (ای وی) بسوں کی بڑی تعداد کراچی پہنچ جائے گی۔ ان نئی بسوں کو مرحلہ وار مختلف روٹس پر چلایا جائے گا تاکہ شہریوں کو بہتر سفری سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ سندھ حکومت پبلک ٹرانسپورٹ نظام کو جدید ترین بنانے کے وژن پر تیزی سے کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پیپلز بس سروس کی کامیابی کے بعد اب ای وی بسوں اور ڈبل ڈیکر بسوں کی بڑی تعداد کو بھی شہری ٹرانسپورٹ نظام کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔
سینئر وزیر کے مطابق حکومت سندھ کے یہ منصوبے صرف ٹرانسپورٹ تک محدود نہیں بلکہ کراچی کے مستقبل کی سمت کا تعین بھی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جدید سفری سہولتوں کی فراہمی کے ذریعے شہر کے عوام کو بہتر، محفوظ اور معیاری ٹرانسپورٹ مہیا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔
شرجیل انعام میمن نے کہا کہ الیکٹرک بسیں ماحول دوست ہونے کے ساتھ کم لاگت اور آرام دہ سفر کی سہولت فراہم کریں گی۔ مزید ڈبل ڈیکر بسوں کی شمولیت سے نہ صرف عوام کو سفری سہولت میسر آئے گی بلکہ شہر کی خوبصورتی اور ٹرانسپورٹ کلچر کو بھی نئی پہچان ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کا یہ اقدام صرف بسوں کی تعداد میں اضافہ نہیں بلکہ جدید کراچی کی جانب سفر کی ایک نئی ابتدا ہے، جس کے ذریعے شہریوں کو عالمی معیار کی پبلک ٹرانسپورٹ سہولتیں فراہم کرنے کا ہدف حاصل کیا جائے گا۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.