Native World News

گلگت بلتستان؛ حکومت کا غذر میں معاشی ترقی کے فروغ کیلئے ٹراؤٹ فارمنگ کا منصوبہ شروع

گلگت بلتستان؛ حکومت کا غذر میں معاشی ترقی کے فروغ کیلئے ٹراؤٹ فارمنگ کا منصوبہ شروع

گلگت بلتستان میں مقامی انواع کے تحفظ کے ذریعے غذائی، غذائیت اور روزگار کے تحفظ کے لیے بلیو ریولوشن پروگرام بھی جاری ہے

گلگت بلتستان کی حکومت نے غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے اور خطے میں معاشی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ضلع غذر میں 5 کروڑ روپے لاگت کا ٹراؤٹ فارمنگ منصوبہ شروع کر دیا ہے۔

سرکاری دستاویزات کے مطابق گلگت بلتستان کی حکومت ماہی پروری، ٹراؤٹ فارمنگ، جدید زراعت اور ابتدائی بچپن کی نشوونما کے پروگراموں کے ذریعے غذائی اور غذائیت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے ترقیاتی وسائل استعمال کر رہی ہے۔

منصوبے کے حوالے سے بتایا گیا کہ ضلع غذر میں ٹراؤٹ فارمنگ کے فروغ کے ذریعے غذائی تحفظ اور معاشی ترقی کا حصول کے عنوان سے منصوبہ 5 کروڑ روپے کی مجموعی لاگت سے زیر عمل ہے جبکہ رواں سال اس کے لیے 2 کروڑ 28 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

گلگت بلتستان میں مقامی انواع کے تحفظ کے ذریعے غذائی، غذائیت اور روزگار کے تحفظ کے لیے بلیو ریولوشن پروگرام بھی جاری ہے، جس کی مجموعی لاگت 8 کروڑ روپے ہے اور موجودہ مالی سال میں اس کے لیے 29 لاکھ 70 ہزار روپے مختص کیے گئے ہیں۔

اسی طرح ضلع غذر میں جدید زرعی تکنیکوں کے ذریعے دیہی روزگار اور غذائی تحفظ میں بہتری کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے، جس کی مجموعی لاگت 3 کروڑ روپے ہے جبکہ رواں سال کے لیے 53 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق یہ تمام منصوبے خطے کی وسیع تر حکمت عملی کا حصہ ہیں، جس کا مقصد ماہی پروری، زراعت اور متعلقہ شعبوں میں سرمایہ کاری کے ذریعے غذائی اور غذائیت کے تحفظ کو بہتر بنانا ہے۔

رپورٹ میں گلگت بلتستان میں جاری دیگر غذائیت سے متعلق پروگراموں کا بھی ذکر کیا گیا ہے، ان میں محکمہ خوراک کا فوڈ فورٹیفیکیشن پروگرام شامل ہے، جس کی مجموعی لاگت 9 کروڑ 90 لاکھ روپے اور رواں سال کے لیے 55 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

خطے میں گرلز پرائمری اسکولوں کے لیے اسکول میل پروگرام 11 کروڑ 27 لاکھ روپے کی مجموعی لاگت سے جاری ہے جبکہ اس کے لیے موجودہ مالی سال میں 65 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں، گلگت بلتستان اسکیلنگ اپ نیوٹریشن (ایس یو این) پروگرام فیز ٹو بھی زیر عمل ہے، جس کی مجموعی لاگت 7 کروڑ 27 لاکھ روپے ہے اور رواں سال اس کے لیے 24 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان کی ترقیاتی ترجیحات خطے کے منفرد جغرافیائی اور ماحولیاتی حالات کے مطابق ترتیب دی گئی ہیں، جن میں ماہی پروری، ٹراؤٹ فارمنگ، جدید زراعت اور ابتدائی بچپن کی نشوونما کے اقدامات کے ذریعے غذائی اور غذائیت کے تحفظ پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے۔

مزید بتایا گیا کہ ضلع غذر میں 5 کروڑ روپے کا ٹراؤٹ فارمنگ منصوبہ ان اہم اقدامات میں شامل ہے جو خطے میں غذائی تحفظ کو بہتر بنانے اور معاشی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے نافذ کیے جا رہے ہیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2817997/gilgit-baltistan-govt-ghizer-trout-farming-project-start-2817997

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.