Native World News

عرب ممالک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، امریکا کی ایران کو تنبیہ

عرب ممالک کی سلامتی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، امریکا کی ایران کو تنبیہ

ایران نے وعدے پورے نہ کیے تو ٹرمپ کے پاس متعدد آپشنز ہیں؛ مارکو روبیو

ایران کے ساتھ مذاکرات طے پانے کے بعد امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو عرب خلیجی ممالک کے دورے پر پہنچے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی وزیر خارجہ نے کویت کے دارالحکومت میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ایران، آبنائے ہرمز، خلیجی ممالک اور لبنان سے متعلق امریکی مؤقف کی وضاحت کی۔

وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ خلیجی رہنماؤں کی جانب سے امریکی سیکیورٹی ضمانتوں پر کسی قسم کے شکوک و شبہات محسوس نہیں ہوئے۔

خلیجی ممالک کی سلامتی کو یقینی بنائیں گے

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے اپنے دورے میں عرب ممالک کو ایک بار پھر یقین دلایا کہ امریکا خلیجی اتحادیوں کی سلامتی کو ہر قیمت پر یقینی بنائے گا۔

انھوں نے زور دیکر کہا کہ ایران کے ساتھ جاری مذاکرات میں بھی کوئی ایسا فیصلہ نہیں کیا جائے گا جو خطے میں امریکی اتحادیوں (سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت وغیرہ) کے مفادات یا سلامتی کے خلاف ہو۔

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے مزید کہا کہ اتحادی عرب ممالک کو ہماری سیکیورٹی یقین دہانیاں صرف وعدے نہیں بلکہ ایک ٹھوس حقیقت ہیں اور ان پر مکمل عمل کیا جا رہا ہے۔

ایران نے وعدے پورے نہ کیے تو ٹرمپ کے پاس متعدد آپشنز ہیں

امریکی وزیر خارجہ نے ایران کو دی گئی 60 روزہ پابندیوں میں نرمی کو ایک عارضی اقدام قرار دیتے ہوئے اس توقع کا اظہار کیا کہ ایران سوئٹزرلینڈ میں کیے گئے تمام وعدوں پر مکمل عمل کرے گا۔

انھوں نے مزید کہا کہ اگر ایران اپنے وعدوں پر قائم رہا تو پیش رفت جاری رہے گی لیکن اگر اس نے معاہدے کی خلاف ورزی کی تو صدر ٹرمپ کے پاس متعدد آپشنز موجود ہیں جن میں پابندیوں کا دوبارہ نفاذ بھی شامل ہے۔

اسرائیل لبنان کی سرزمین پر دعویٰ نہیں کر رہا

جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی موجودگی سے متعلق سوال پر مارکو روبیو نے بتایا کہ اسرائیل کا مؤقف ہے کہ اس کی کارروائیوں کی وجہ حزب اللہ کی جانب سے راکٹ اور ڈرون حملے ہیں۔

انھوں نے مزید کہا کہ امریکہ چاہتا ہے کہ لبنان کی حکومت اور فوج اپنے تمام علاقوں پر مکمل کنٹرول حاصل کرے تاکہ حزب اللہ کا اثر و رسوخ کم ہو۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ اسرائیل لبنان کی سرزمین پر کوئی دعویٰ نہیں رکھتا۔ جتنا زیادہ علاقہ لبنانی فوج کے کنٹرول میں آئے گا، اتنا ہی کم اسرائیلی فوج کو وہاں موجود رہنے کی ضرورت ہوگی۔

ایران مذاکرات میں خلیجی اتحادیوں کو اعتماد میں رکھا جائے گا

امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ ٹرمپ حکومت ایران کے ساتھ ہونے والے ہر اہم فیصلے میں خلیجی شراکت داروں کو اعتماد میں لے گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ اسی مقصد کے تحت وہ خلیجی ممالک کے دورے کر رہے ہیں اور تمام اتحادی ممالک کے ساتھ مسلسل مشاورت جاری رہے گی۔

مارکو روبیو نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ ہم اپنے دیرینہ اتحادیوں کی سلامتی کو نقصان پہنچانے والا کوئی قدم نہیں اٹھائیں گے۔

آبنائے ہرمز سے گزرنے پر کوئی فیس قبول نہیں کریں گے

مارکو روبیو نے ایک بار پھر واضح کیا کہ ایران کو آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں پر کسی قسم کی فیس یا ٹول عائد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

انھوں نے مزید کہا کہ آبنائے ہرمز ایک بین الاقوامی آبی گزرگاہ ہے اور اس کے استعمال پر کسی قسم کی رقم وصول کرنے کا کوئی جواز نہیں۔

امریکی وزیر خارجہ نے کہا کہ پوری دنیا ایسے کسی نظام کی مخالفت کرے گی جس میں بین الاقوامی آبی گزرگاہ استعمال کرنے پر پیسے وصول کیے جائیں۔

ان کے بقول امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ آبنائے ہرمز میں ایسا ہرگز نہیں ہونے دیا جائے گا۔

وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ تمام خلیجی ممالک بھی اس امریکی مؤقف کی حمایت کریں گے۔

خلیجی رہنماؤں سے دیانتداری کیساتھ بات چیت ہوئی

مارکو روبیو نے کہا کہ اگرچہ وہ ملاقاتوں کی اندرونی تفصیلات ظاہر نہیں کر سکتے تاہم خلیجی رہنماؤں کے ساتھ نہایت کھل کر اور ایمانداری سے گفتگو ہوئی۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہم یہاں اپنے اتحادی خلیجی ممالک کی رائے سننے آئے ہیں۔ بات چیت انتہائی واضح، کھلی اور تعمیری رہی، اور میرا خیال ہے کہ ہم اہم معاملات پر ایک دوسرے کے بہت قریب ہیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2819114/us-fm-marco-rubio-says-no-compromise-on-gulf-secuirity-2819114

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.