ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست کے دوران ملزمہ پنکی نے سابق پولیس انسپکٹر سے تعلقات قائم کیے
لاہور میں منشیات فروش پنکی کے نیٹ ورک سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
ذرائع کے مطابق مئی 2024 میں پولیس نے منشیات فروش کا ایک گینگ پکڑا تھا، جس کے کارندوں کی نشاندہی پر پنکی کو بھی حراست میں لیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ حراست کے دوران ملزمہ پنکی نے سابق پولیس انسپکٹر سے تعلقات قائم کیے۔
ذرائع کے مطابق زیر حراست پنکی نے مبینہ طور پر سابق پولیس انسپکٹر کو بھاری رشوت دی جس کے بعد اسے چھوڑ دیا گیا۔ بعد ازاں ملزمہ نے منشیات فروشی کے لیے اپنا نیٹ ورک بنا لیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنکی اپنے مبینہ شوہر سابق پولیس انسپکٹر کی مدد سے گرفتاری سے بچتی رہی۔ وہ اپنے بھائی ریاض بلوچ اور دیگر ساتھیوں کی مدد سے منشیات سپلائی کرتی تھی۔
ذرائع کے مطابق ملزمہ پنکی دیگر صوبوں میں منشیات بھجوانے کے لیے بسوں کا استعمال بھی کرتی تھی، جبکہ مبینہ طور پر پولیس ریکارڈ سے بچنے کے لیے اس نے اپنے فنگر پرنٹس تیزاب سے مٹائے تھے۔
دوسری جانب کراچی میں منشیات فروش انمول عرف پنکی کی تفتیش میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
تفتیشی حکام کے مطابق پنکی کے تینوں بھائیوں کے خلاف اسلحہ آرڈیننس اور نارکوٹکس ایکٹ کے تحت مقدمات درج ہیں۔ حکام نے بتایا کہ انمول عرف پنکی کا بھائی ملزم شوکت بخش منشیات فروشی کے لیے خاص کارندہ ہے۔
ریکارڈ کے مطابق پنکی کے 6 بھائی اور 4 بہنیں ہیں جبکہ اہلخانہ سے متعلق مزید تفصیلات بھی سامنے آگئی ہیں۔ تفتیشی حکام کے مطابق اہلخانہ کا بھی منشیات فروشی میں ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفتیشی حکام نے بتایا کہ پنکی نیٹ ورک کے خلاف تحقیقات جاری ہیں اور اس کے بھائیوں کے خلاف بھی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق پنکی کے اکاؤنٹس سنبھالنے والے ذیشان نامی شخص کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ ایک اور اہم کارندہ بھی حراست میں لیا گیا ہے۔ وفاقی حساس ادارے اور پولیس کی مشترکہ کارروائی میں پنکی نیٹ ورک کا اہم کردار گرفتار کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق ایک خاتون اور 5 مرد انمول عرف پنکی کے 6 رکنی گینگ کا حصہ ہیں۔ پنکی نئے کسٹمر کے لیے منشیات رائیڈر کے بجائے مخصوص جگہوں پر رکھواتی تھی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پنکی کے بینک اکاؤنٹس کی تفصیلات حاصل کی جا رہی ہیں جبکہ وہ منشیات کی خرید و فروخت کی ادائیگی آن لائن کرتی تھی۔
ذرائع کے مطابق پنکی ایک گرام کوکین 15 سے 20 ہزار روپے میں فروخت کرتی تھی۔ اس کی منشیات کی ترسیل اور نیٹ ورک سے متعلق تفصیلات بھی سامنے آ گئی ہیں۔
اس کے علاوہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج جنوبی کراچی میں انمول عرف پنکی کے مقدمات کے معاملے پر پولیس کی ایک اور رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی گئی۔
پولیس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ ملزمہ گینگ کے ذریعے اسکولوں کے کم عمر بچوں کو ہدف بناتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گینگ پوش علاقوں اور نجی تعلیمی اداروں کو سپلائی کرتا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسکولوں اور کالجوں میں زیادہ خریدنے والوں کو رعایتی پیکج دیا جاتا تھا۔ پولیس کے مطابق تعلیمی اداروں میں ملزمہ کے نیٹ ورک کو روکنے کے لیے تفتیش ضروری ہے۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ پنکی کی نشاندہی پر تعلیمی اداروں میں اس کے سہولت کاروں کی شناخت کرنی ہے۔ عدالت نے پولیس رپورٹ کو کورٹ فائل کا حصہ بنا لیا۔
بین الصوبائی منشیات فروش انمول عرف پنکی کے مقدمات میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔
پولیس نے برآمدگی رپورٹ عدالت میں جمع کرا دی ہے، رپورٹ کے مطابق ملزمہ سے 1540 گرام کوکین، 5240 گرام بیکنگ پاؤڈر برآمد ہوا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ ملزمہ سے ایفی ڈرین ہائیڈرو کلورائیڈ 930 گرام اور کیٹامین ہائیڈرو کلورائیڈ 500 گرام بھی برآمد کیا گیا۔ اسی طرح کوکین مکس ہائیڈرو کلورائیڈ 330 گرام بھی برآمد ہوا۔
پولیس رپورٹ کے مطابق ایک بیگ سے 1050 گرام ایکٹون بھی برآمد ہوا، جبکہ ملزمہ سے کوکین بنانے میں استعمال ہونے والا 6970 گرام خام مال بھی برآمد کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برآمد ہونے والی منشیات کی کوالٹی کا کیمیکل ایگزامن کیا جائے گا، جس کی رپورٹ عدالت میں پیش کی جائے گی۔ برآمد شدہ منشیات کو کیس پراپرٹی کا حصہ بنا لیا گیا ہے۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.