یہ اقدام وفاقی حکمنامہ قانون برائے مرکزی بینک اور مالیاتی اداروں و سرگرمیوں کے تحت کیا گیا
متحدہ عرب امارات کے مرکزی بینک (سی بی یو اے ای) نے مالیاتی نظام کی شفافیت اور ضابطہ جاتی نظم و ضبط کو یقینی بنانے کے لیے ایک غیر ملکی بینک کی مقامی شاخ پر 2 کروڑ درہم کا بھاری جرمانہ عائد کیا ہے جو انسداد منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت کی روک تھام سے متعلق قواعد کی سنگین خلاف ورزیوں کے تناظر میں کیا گیا ہے۔
اماراتی نیوز ایجنسی ’’وام‘‘ نے مرکزی بینک کے حوالے سے بتایا کہ یہ اقدام وفاقی حکمنامہ قانون برائے مرکزی بینک اور مالیاتی اداروں و سرگرمیوں کے تحت کیا گیا، جس کا مقصد مالیاتی شعبے میں خطرات کو کم کرنا اور عالمی معیار کے مطابق نگرانی کو مضبوط بنانا ہے۔معائنے کے نتائج سے ظاہر ہوا کہ متعلقہ بینک کی شاخ انسداد منی لانڈرنگ، دہشت گردی اور غیر قانونی تنظیموں کی مالی معاونت کی روک تھام کے نظام پر مؤثر عمل درآمد میں مسلسل ناکامی کا شکار رہی، جس سے مالیاتی نظام کی سالمیت کو خطرات لاحق ہو سکتے تھے۔
اسی تناظر میں مرکزی بینک نے بینک کے ہیڈ آف کمپلائنس اور منی لانڈرنگ رپورٹنگ آفیسر پر بھی 3 لاکھ درہم کا انفرادی جرمانہ عائد کیا کیونکہ وہ اپنی ذمہ داریوں کی مؤثر انجام دہی میں ناکام رہے۔
مرکزی بینک نے واضح کیا کہ وہ اپنے نگرانی اور ضابطہ جاتی اختیارات کے ذریعے اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہے کہ تمام مالیاتی ادارے نہ صرف ملکی قوانین بلکہ بین الاقوامی معیارات کی بھی مکمل پاسداری کریں تاکہ متحدہ عرب امارات کا مالیاتی نظام شفاف، مستحکم اور عالمی سرمایہ کاروں کے لیے قابل اعتماد رہے۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.