Native World News

ون کانسٹیٹیوشن ایونیو سے متعلق سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر

ون کانسٹیٹیوشن ایونیو سے متعلق سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر

درخواست کل سماعت کیلیے مقرر، سی ڈی اے اور بی این پی کمپنی فریق، بینک آف پنجاب کا فیصلہ کالعدم قرار دینے کا مطالبہ

ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کے اپارٹمنٹ مالکان نے لیز منسوخی کے فیصلے کو جزوی طور پر چیلنج کردیا، 19 اپارٹمنٹ مالکان نے 30 اپریل کے عدالتی فیصلے کے ایک پیراگراف کی حد تک انٹراکورٹ اپیل دائر کردی جس کل سماعت کے لیے مقرر کردیا گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اپارٹمنٹ مالکان نے انٹراکورٹ اپیل میں سی ڈی اے اور بی این پی کمپنی کو فریق بنایا ہے اور تھرڈ پارٹی رائٹس سے متعلق پیرا گراف 37 میں عدالتی آبزرویشن میں ترمیم یا اسے کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔

اپارٹمنٹ مالکان نے استدعا کی ہے کہ اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس کو اپیل کنندگان کے خلاف کارروائی سے روکا جائے، سی ڈی اے کو اپارٹمنٹس سے بے دخل کرنے اور ہراساں کرنے سے روکا جائے، بجلی اور گیس کی سہولیات منقطع کرنے اور رہائشیوں سے قبضہ خالی کرانے سے روکا جائے۔

استدعا کی گئی ہے کہ کسی قابل قبول حل سے قبل بے دخلی روکی جائے، اپیل کنندگان کو قابل قبول حل تک پہنچنے کے لیے مشاورتی عمل میں شامل کیا جائے، سی ڈی اے کو تصفیہ یا ازالہ شکایات کے عمل میں اپیل کنندگان کو سننے کی ہدایت کی جائے۔

بعدازاں سپریم کورٹ کے سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف اپیل کل سماعت کے لیے مقرر کردی گئی، جسٹس اعظم خان اور جسٹس انعام امین منہاس کل سماعت کریں گے۔

بینک آف پنجاب نے بھی انٹراکورٹ اپیل دائر کردی

قبل ازیں آج ہی ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو سے متعلق سنگل بینچ کے فیصلے کے خلاف بینک آف پنجاب نے بھی انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی تاہم رجسٹرار آفس نے اپیل پر اعتراض عائد کردیا۔

بینک آف پنجاب نے اپیل میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ سنگل بنچ کا فیصلہ حقائق کے منافی ہے، اسے غیر قانونی قرار دیا جائے۔

درخواست میں کہا گیا ہے کہ بی این پی کمپنی نے بینک آف پنجاب سے قرض لے کر سی ڈی اے کو ادائیگی کی تھی۔

واضح رہے کہ سنگل بینچ نے بی این پی کمپنی کی درخواست مسترد کرتے ہوئے لیز منسوخی کا حکم بحال کیا تھا۔

Source: https://www.express.pk/story/2812517/intra-court-appeal-filed-against-single-bench-decision-regarding-one-constitution-avenue-2812517/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.