Native World News

راولپنڈی، 7 محرم نیا محلہ کا مہندی جلوس اختتام پذیر، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

راولپنڈی، 7 محرم نیا محلہ کا مہندی جلوس اختتام پذیر، سیکیورٹی کے سخت انتظامات

سائیں صادق حویلی کا جلوس نماز فجر کے وقت امام بارگاہ قدیم پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا

سات محرم الحرام کے موقع پر راولپنڈی میں مہندی کے ماتمی جلوس عقیدت و احترام کے ساتھ اپنے مقررہ راستوں پر رواں رہے جبکہ راولپنڈی پولیس نے مرکزی جلوسوں اور مجالس کے لیے غیرمعمولی سکیورٹی انتظامات کیے۔

تفصیلات کے مطابق سائیں صادق حویلی کا مہندی ماتمی جلوس صادق آباد چوک، فوارہ چوک اور بعد ازاں چاہ سلطان چوک پہنچا جبکہ نیا محلہ کا مہندی ماتمی جلوس مختلف راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیم پہنچ کر اختتام پذیر ہوگیا۔

جلوسوں کے شرکاء نوحہ خوانی اور ماتم کرتے ہوئے اپنی منازل کی جانب بڑھتے رہے۔

نیا محلہ کے جلوس کے اختتام کے بعد شرکاء پرامن طور پر واپس روانہ ہوگئے جبکہ بڑی تعداد میں عزادار دوسرے مہندی جلوس کی آمد کے منتظر رہے۔ سائیں صادق حویلی کا جلوس نماز فجر کے وقت امام بارگاہ قدیم پہنچ کر اختتام پذیر ہوگا۔

دوسری جانب سات محرم الحرام کے مرکزی جلوس کے حوالے سے راولپنڈی پولیس کی جانب سے فول پروف سکیورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔

سٹی پولیس آفیسر (سی پی او) سید خالد محمود ہمدانی خود فیلڈ میں موجود رہ کر انتظامات کا جائزہ لیتے رہے۔

اس موقع پر ایس ایس پی آپریشنز، ایس ایس پی انویسٹی گیشن، ایس پی راول، ایس پی ہیڈکوارٹرز، ایس ڈی پی او نیو ٹاؤن سمیت دیگر افسران بھی سکیورٹی اقدامات کی نگرانی کرتے رہے۔

سی پی او نے جلوس کے روٹس پر پوائنٹ وائز سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اور تمام سپروائزری افسران کو ہدایت کی کہ فول پروف سکیورٹی یقینی بنائی جائے۔

پولیس کے مطابق سات محرم کے مرکزی جلوس پر 3 ہزار 500 سے زائد افسران اور اہلکار سکیورٹی و ٹریفک کے فرائض انجام دے رہے ہیں جبکہ محرم الحرام کے دوران مجموعی طور پر 7 ہزار سے زائد افسران و اہلکار تعینات ہیں۔

سی پی او کا کہنا ہے کہ سیف سٹی اور دیگر کیمروں کے ذریعے جلوسوں اور مجالس کی لمحہ بہ لمحہ نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ انٹری پوائنٹس پر واک تھرو گیٹس نصب کیے گئے ہیں اور شرکاء کو مکمل تلاشی کے بعد داخلے کی اجازت دی جا رہی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ جلوس کے روٹس سے ملحقہ گلیوں، سڑکوں اور دیگر راستوں کو سیل کیا گیا ہے جبکہ ضابطہ اخلاق اور حکومت پنجاب کے احکامات پر مکمل عملدرآمد یقینی بنایا جا رہا ہے۔

سی پی او کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب اور انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب کی ہدایات کے مطابق محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2818982/rawalpindi-7th-muharram-naya-mohalla-mehndi-procession-concludes-tight-security-arrangements-2818982

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.