Native World News

امریکا نے فیدل کاسترو کے بھائی اور سابق صدر کو گرفتار کرنے کی تیاری شروع کردی

امریکا نے فیدل کاسترو کے بھائی اور سابق صدر کو گرفتار کرنے کی تیاری شروع کردی

فیدل کاسترو کی حکومت کے دوران امریکی نواز تنظیم کے دو طیاروں کو نشانہ بنایا گیا تھا

امریکا 1996 میں دو طیارے مار گرائے جانے کے واقعے میں کیوبا کے سابق صدر 94 سالہ راول کاسترو کے خلاف ممکنہ فوجداری فردِ جرم کی تیاری کررہا ہے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق امریکی محکمۂ انصاف نے اس مقصد کے لیے حال ہی میں سی آئی اے کے سربراہ کو کیوبا بھی بھیجا تھا۔

سی آئی اے کے سربراہ جان ریڈ کلف نے ہوانا میں کیوبا کے حکام سے ملاقات کی جس میں راول کاسترو کے پوتے راول روڈریگیز کاسترو بھی موجود تھے۔

تاہم اس ملاقات کے حوالے سے زیادہ معلومات فراہم نہیں کی گئیں۔ خدشہ ہے وینزویلا کے صدر اور اہلیہ کی طرح راول کاسترو کو بھی گرفتار کرکے امریکا لایا جائے گا۔

ادھر امریکی حکام کا کہنا ہے کہ راول کاسترو پر فردِ جرم کے لیے گرینڈ جیوری کی منظوری درکار ہوگی اور تمام تر قانونی تقاضوں کا بغور جائزہ لیا گیا ہے۔

فلوریڈا کے اٹارنی جنرل نے مارچ میں راول کاسترو کے خلاف تحقیقات دوبارہ کھولنے کا اعلان کیا تھا جس پر فلوریڈا کے گورنر کا بھی کہنا تھا کہ قانونی چارہ جوئی بہت دیر سے شروع کی گئی لیکن یہ ضروری ہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اس معاملے پر محکمۂ انصاف تبصرہ کرے گا تاہم انھوں نے کیوبا کو زوال پذیر ملک قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہاں کے عوام کو مدد کی ضرورت ہے۔

امریکی میڈیا کی رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ یہ مقدمہ 24 فروری 1996 کے اُس واقعے سے متعلق ہے جس میں امریکی جلاوطن کیوبنز کی تنظیم ’’ برادرز آف ریسکیو‘‘ کے دو چھوٹے طیارے مار گرائے گئے تھے جس میں 4 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔

یاد رہے کہ یہ تنظیم کیوبا سے امریکا جانے والے تارکینِ وطن کی قانونی اور مالی مدد کرتی تھی اور ماضی میں کیوبا کے ساحل کے قریب حکومت مخالف پمفلٹس بھی گرائے جاتے رہے تھے۔

کیوبا میں اُس وقت حکومت عالمی شہرت یافتہ انقلابی رہنما فیدل کاسترو کی تھی جن کا مؤقف تھا کہ یہ طیارے بارہا کیوبا کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کر رہے تھے۔

تاہم بین الاقوامی شہری ہوا بازی تنظیم نے اپنی تحقیقات میں کہا تھا کہ طیاروں کو بین الاقوامی فضائی حدود میں نشانہ بنایا گیا۔

ادھر کیوبا نے باضابطہ طور پر ممکنہ فردِ جرم پر ردِعمل تو نہیں دیا تاہم وزیرِ خارجہ نے کہا کہ امریکی پابندیوں اور دھمکیوں کے باوجود کیوبا خودمختاری اور سوشلسٹ راستے پر قائم رہے گا۔

خیال رہے کہ وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کے خلاف کارروائی کے بعد امریکا اب دباؤ کیوبا پر بڑھا رہا ہے۔

ٹرمپ انتظامیہ نے کیوبا پر تیل کی سخت پابندیاں عائد کر رکھی ہیں جس کے باعث ملک میں شدید ایندھن بحران پیدا ہو چکا ہے۔

کیوبا کے توانائی کے وزیر اس ہفتے اعتراف کر چکے ہیں کہ ملک تقریباً فیول آئل سے محروم ہو گیا ہے۔

واضح رہے کہ 94 سالہ راول کاسترو کیوبا کے انقلابی رہنما فیدل کاسترو کے بھائی ہیں اور ان کے بعد ملک کے صدر بھی بنے تھے۔

Source: https://www.express.pk/story/2813362/us-planning-to-criminally-indict-ex-cuban-leader-raul-castro-2813362

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.