Native World News

نیمار کی شاندار واپسی، برازیل نے اسکاٹ لینڈ کو ہرا کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی

نیمار کی شاندار واپسی، برازیل نے اسکاٹ لینڈ کو ہرا کر ناک آؤٹ مرحلے میں جگہ بنا لی

اسٹار فٹبالر نیمار نے انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی شرکت کی

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں برازیل نے اسکاٹ لینڈ کو 0-3 سے شکست دے کر راؤنڈ آف 32 کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ اسٹار فٹبالر نیمار نے انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی شرکت کی۔

ہارڈ راک اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں برازیل نے آغاز ہی سے جارحانہ کھیل پیش کیا اور ساتویں منٹ میں ونیسیئس جونیئر نے شاندار گول کرکے اپنی ٹیم کو برتری دلا دی۔

22ویں منٹ میں ونیسیئس نے ایک اور گول کیا، تاہم ویڈیو ریویو کے بعد انہیں آف سائیڈ قرار دیتے ہوئے گول مسترد کر دیا گیا۔ اس کے باوجود برازیلی ونگر نے ہمت نہ ہاری اور پہلے ہاف کے اضافی وقت میں ایک اور گول داغ کر اسکور 0-2 کر دیا۔

دوسرے ہاف میں بھی برازیل کا دباؤ برقرار رہا اور 60ویں منٹ میں ماتھیوس کونیا نے گول کرکے برتری 0-3 کر دی۔ کونیا نے گزشتہ میچ میں بھی عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا اور اس میچ میں بھی اپنی شاندار فارم برقرار رکھی۔

میچ کا ایک اہم لمحہ 76ویں منٹ میں آیا جب برازیل کے ہیڈ کوچ کارلو اینچلوتی نے ماتھیوس کونیا کی جگہ نیمار کو میدان میں اتارا۔ مئی میں پنڈلی کی انجری کا شکار ہونے والے 34 سالہ نیمار ورلڈ کپ 2026 کے ابتدائی دو میچ نہیں کھیل سکے تھے، تاہم اس میچ میں انہوں نے طویل انتظار کے بعد قومی ٹیم کے لیے واپسی کی۔

برازیل نے میچ کے اختتام تک اپنی برتری برقرار رکھی اور 0-3 سے کامیابی حاصل کرکے ناک آؤٹ مرحلے میں رسائی حاصل کر لی۔ ونیسیئس جونیئر کی شاندار کارکردگی اور نیمار کی واپسی نے برازیلی شائقین کے جوش و خروش میں مزید اضافہ کر دیا۔

Source: https://www.express.pk/story/2819251/neymars-brilliant-comeback-saw-brazil-beat-scotland-3-0-to-advance-to-the-knockout-stages-2819251

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.