Native World News

فیفا ورلڈ کپ: لوکا موڈرچ آخری عالمی کپ کے ہر لمحے سے لطف اندوز ہونے کے لیے پُرعزم

فیفا ورلڈ کپ: لوکا موڈرچ آخری عالمی کپ کے ہر لمحے سے لطف اندوز ہونے کے لیے پُرعزم

لیونل میسی اور رونالڈو کی طرح موڈرچ کے لیے بھی یہ عالمی کپ کیریئر کا آخری بڑا عالمی ایونٹ تصور کیا جا رہا ہے

کروشیا کے عظیم مڈفیلڈر اور کپتان لوکا موڈرچ نے کہا ہے کہ میں اپنے آخری فیفا ورلڈ کپ کے ہر لمحے سے بھرپور لطف اندوز ہونا چاہتاہوں اور نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر خود کو ایک بار پھر تازہ دم محسوس کر رہاہوں۔

کروشیا بدھ کو امریکا کی ریاست ٹیکساس میں گروپ مرحلے کے اہم میچ میں انگلینڈ کا سامنا کرے گا جسے ٹورنامنٹ کے ابتدائی مرحلے کے سب سے دلچسپ مقابلوں میں شمار کیا جا رہا ہے۔

40 سالہ لوکا موڈرچ اپنی ٹیم کی قیادت کریں گے۔ وہ 2018 کے ورلڈ کپ سیمی فائنل کی یادیں تازہ کریں گے جب کروشیا نے انگلینڈ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنائی تھی۔

لیونل میسی اور رونالڈو کی طرح موڈرچ کے لیے بھی یہ عالمی کپ کیریئر کا آخری بڑا عالمی ایونٹ تصور کیا جا رہا ہے۔ حال ہی میں اے سی میلن میں شمولیت اختیار کرنے والے موڈرچ شمالی امریکا میں اپنے ملک کے لیے 200واں بین الاقوامی میچ کھیلنے والے ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف میچ سے قبل گفتگو کرتے ہوئے موڈرچ نے کہا کہ 40 سال کی عمر میں قومی ٹیم کے ساتھ ہر میچ اور ہر ٹورنامنٹ خاص ہوتا ہے۔ میرا مقصد اس ٹورنامنٹ سے لطف اندوز ہونا اور اپنی بہترین کارکردگی دکھانا ہے۔

کروشیا نے ورلڈ کپ کے لیے آسانی سے کوالیفائی کیا، تاہم ماضی کی طرح اس بار بھی ٹیم زیادہ توجہ حاصل کیے بغیر ٹورنامنٹ میں پہنچی ہے۔ اس کے باوجود ماہرین کا ماننا ہے کہ انگلینڈ اگر کروشیا کو کمزور سمجھے تو یہ اس کی بڑی غلطی ہوگی۔

Source: https://www.express.pk/story/2817965/fifa-world-cup-luka-modric-determined-to-enjoy-every-moment-of-the-final-world-cup-2817965

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.