Native World News

لبنان میں اسرائیلی فوج کی گاڑی دھماکے سے اُڑا دی گئی؛ ایک فوجی ہلاک اور 7 زخمی

لبنان میں اسرائیلی فوج کی گاڑی دھماکے سے اُڑا دی گئی؛ ایک فوجی ہلاک اور 7 زخمی

گزشتہ روز بھی حزب اللہ کے ڈرون حملے میں اسرائیلی فوج کے 5 اہلکار زخمی ہوگئے تھے

امریکا اور ایران کے درمیان مشرقِ وسطیٰ میں جنگ بندی اور کشیدگی کم کرنے کے لیے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کے ایک روز بعد بھی جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج اور حزب اللہ کے درمیان جھڑپیں جاری رہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی فوج نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی لبنان میں دریائے لیتانی کے قریب گشت کے دوران حزب اللہ کے نصب کردہ بارودی دھماکے میں ملٹری وہیکل تباہ ہوگئی۔

اسرائیلی فوج کے ترجمان نے مزید بتایا کہ اس حملے میں ایک فوجی ہلاک جبکہ 7 اہلکار زخمی ہوگئے جن میں 2 سینئر افسران بھی شامل ہیں۔ زخمیوں میں سے 3 کی حالت نازک ہونے کے سبب ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ہے۔

ہلاک ہونے والے فوجی کی شناخت 29 سالہ ماسٹر سارجنٹ الیگزینڈر فلن کے نام سے ہوئی ہے جو 36ویں ڈویژن کے ہیڈکوارٹر سے وابستہ تھے اور شمالی اسرائیل کے شہر حیفا کا رہائشی تھا۔

زخمیوں میں ڈویژن کے نائب کمانڈر، 556ویں ٹرانسپورٹ رجمنٹ کے بٹالین کمانڈر، ایک رضاکار اہلکار اور 4 فوجی شامل ہیں جن میں ایک خاتون بھی شامل ہیں۔ زخمیوں کو اسپتال میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔

دھماکے کے فوراً بعد اسرائیلی فوج نے جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے ٹھکانوں پر توپ خانے سے گولہ باری کی۔ ایک گاڑی پر اسرائیلی ڈرون حملے میں ایک شخص ہلاک اور دوسرا شدید زخمی ہوگیا تاہم اسرائیلی فوج نے اس حملے پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز بھی حزب اللہ کے دھماکا خیز ڈرون حملوں میں 5 اسرائیلی فوجی زخمی ہوئے تھے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی گئی تھی۔

یہ تمام پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہیں جب امریکا اور ایران نے مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے خاتمے کے لیے مفاہمتی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ جس میں لبنان سمیت تمام محاذوں پر جنگ بندی کی شق شامل ہے۔

ایران کا مؤقف ہے کہ کسی بھی مستقل جنگ بندی کے لیے اسرائیلی فوج کا جنوبی لبنان سے انخلا ضروری ہے۔

تاہم اسرائیلی حکام پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ جنوبی لبنان میں حزب اللہ کے خلاف ان کی فوجی کارروائیاں امریکا۔ایران معاہدے کی پابند نہیں ہوں گی۔

دوسری جانب اسرائیل اور لبنان کے حکام امریکا میں علیحدہ مذاکرات بھی کر رہے ہیں۔ جس کے تحت جنگ بندی بھی ہوئی تھی لیکن حزب اللہ نے واضح کیا ہے کہ وہ کسی ایسے معاہدے کو تسلیم نہیں کرے گی جو اس کی رضامندی کے بغیر طے کیا جائے۔

Source: https://www.express.pk/story/2818130/hezbollah-attack-on-israeli-soldiers-killed-one-injured-7-2818130

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.