Native World News

کراچی میں جعلی سرکاری نمائندے بننے والے دو ملزمان گرفتار

کراچی میں جعلی سرکاری نمائندے بننے والے دو ملزمان گرفتار

ملزمان اپنے دعوؤں کے حق میں کوئی قانونی اختیار یا سرکاری نوٹیفکیشن پیش نہ کر سکے

ایف آئی اے اینٹی کرپشن سرکل کراچی نے جعلی سرکاری نمائندے بن کر سرکاری لوگو اور نشان کے غیر قانونی استعمال میں ملوث دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ملزمان احتشام راؤ اور شمائلہ خان “نیشنل پیس فورس کمیٹی فار انٹرفیتھ ہارمونی پاکستان (NPFCIH)” کے نام پر خود کو سرکاری نمائندہ ظاہر کرتے تھے۔

ملزمان واٹس ایپ پیغامات اور وزٹنگ کارڈز کے ذریعے خود کو حکومتی نمائندہ ظاہر کر کے ایف آئی اے افسران تک رسائی حاصل کرنے کی کوشش کرتے رہے۔

دورانِ انکوائری ملزمان اپنے دعوؤں کے حق میں کوئی قانونی اختیار یا سرکاری نوٹیفکیشن پیش نہ کر سکے۔ ملزمان کے موبائل فونز کے تجزیے کے دوران جعلی دستاویزات، ممبرشپ کارڈز اور حکومتِ پاکستان کے نشان والے جعلی نوٹیفکیشنز برآمد ہوئے۔

ملزمان کے خلاف دفعات 419، 420، 468، 471 اور 109 پی پی سی کے تحت مقدمہ درج کر کے دونوں کو گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔

ترجمان ایف آئی اے نے بتایا کہ ایف آئی اے سرکاری اداروں کے نام اور قومی نشان کے غلط استعمال میں ملوث عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رکھے گی۔

Source: https://www.express.pk/story/2813434/karachi-fake-government-officers-caught-2813434

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.