Native World News

الیکشن کمیشن اختر مینگل کی خالی سیٹ پر ضمنی انتخابات کروانے کیلئے  تیار

الیکشن کمیشن اختر مینگل کی خالی سیٹ پر ضمنی انتخابات کروانے کیلئے  تیار

الیکشن کمیشن  سیکرٹریٹ میں الیکشن کمیشن  کا اہم   اجلاس جناب سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر  کی سربراہی میں ہوا

آج  الیکشن کمیشن  سیکرٹریٹ میں الیکشن کمیشن  کا اہم   اجلاس جناب سکندر سلطان راجہ چیف الیکشن کمشنر  کی سربراہی میں ہوا۔ اجلاس میں  معزز ممبران  الیکشن کمیشن ،چیف سیکرٹری اور انسپکٹر  جنرل پولیس بلوچستان،  سیکرٹری  الیکشن کمیشن  ودیگر سینئر افسران  نے  شرکت کی۔

الیکشن کمیشن  کو بریف کیا گیاکہ  حلقہ این اے 256 خضدار  کی سیٹ  جناب  اختر مینگل  کے استعفی کی وجہ سے خالی ہوئی تھی۔ جس پر الیکشن کمیشن نے 13فروری 2026 کوالیکشن پروگرام  جاری کیا ۔ضمنی  الیکشن کی  پولنگ سے پہلے حکومت بلوچستان  کی درخواست پر امن وعامہ کی خراب صورتحا ل کی وجہ سے الیکشن کمیشن نے مورخہ 27مارچ 2026کو ضمنی انتخاب کا شیڈول معطل کر دیا تھا۔

اب الیکشن کمیشن حلقہ میں ضمنی انتخابات کروانے کیلئے  تیار ہے۔کمیشن نے چیف سیکرٹری  اور آئی جی بلوچستان کو کہا کہ  حلقہ 256خضدار میں لاء  اینڈ آرڈر کی موجودہ  صورتحال  سے متعلق بریف کریں تاکہ  الیکشن کمیشن حلقہ میں انتخاب کا عمل مکمل کرسکے۔

چیف سیکرٹری  اور آئی جی بلوچستان نے بریف کیا کہ حلقہ میں دہشتگردوں  کی موجودگی ، قبائلی اختلافات،   الیکشن کے انعقاد کیلئے دوسرے اضلاع سے  پولیس ودیگر  لاء انفورسمنٹ ایجنسیز کی  نقل وحمل  درکار ہے۔

مزید یہ کہ حلقہ پہاڑی ٹریل پر مشتمل ہے۔ حلقہ میں امن وعامہ کی صورت حال درست نہیں لہذا  مذکورہ بالا حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے حلقہ میں  ضمنی انتخابات کا انعقاد فی الحال ممکن نہیں ہے۔ اورنہ ہی انتخابی عملہ  اور ووٹرز کو مکمل سیکورٹی فراہم کی جا سکتی ہے۔

چیف الیکشن کمشنر  نے کہا کہ  الیکشن کمیشن  آئین وقانون  کے تحت  حلقہ این اے 256خضدار میں ضمنی انتخاب  کروانے  کا پابند ہے۔ لہذا الیکشن کمیشن  بریفنگ کی روشنی میں خضدار کے ضمنی  انتخابات  کے لیے  مناسب فیصلہ کرے گا۔

مزیدکوئٹہ لوکل گورنمنٹ  الیکشن سے متعلق الیکشن کمیشن  کو  بریف کیا گیا  کہ  کوئٹہ  میں لوکل گورنمنٹس کی میعاد 27جنوری 2019کو ختم ہوگئی تھی۔  الیکشن کمیشن  نے 2دفعہ  حلقہ بندی  کی اور 3دفعہ الیکشن پروگرام  جاری  کیا۔لیکن  کوئٹہ  میں الیکشن  کا انعقاد  ممکن نہیں ہوسکا۔

اب   الیکشن کمیشن نے کوئٹہ  میں حلقہ بندی  کا عمل مکمل  کرلیا ہے ۔ الیکشن کمیشن  کوئٹہ میں بلدیاتی  انتخابات  کے انعقاد  کیلئے  بھی تیار ہے۔اور کوئٹہ میں بلدیاتی انتخابات  کا شیڈول جون 2026کے دوسرے ہفتہ میں جاری کیا جاسکتا ہے۔

مزید الیکشنز  ایکٹ  کی دفعہ 219  (3)اور بلوچستان  لوکل گورنمنٹ ایکٹ  کی دفعہ (2)16کے تحت  کوئٹہ  میں بلدیاتی  انتخابات  کے انعقاد  کیلئے صوبائی  گورنمنٹ  سے مشاورت  ضروری ہے۔  لہذا آج یہ مشاورت کی جارہی ہے۔

چیف سیکرٹری نے کوئٹہ  میں لوکل گورنمنٹ انتخابات کے انعقاد کی مشاورت کے حوالے سے بتایا کہ اس معاملہ کو صوبائی  کیبنٹ کی آئندہ میٹنگ میں رکھا گیا ہے  تاکہ کوئٹہ میں امن وعامہ  کے حالات اور دیگر امور کو سامنے رکھتے ہوئے مذکورہ بالا انتخا بات کے انعقاد  سے متعلق مناسب فیصلہ کیا جائے۔

الیکشن کمیشن نے ہدایت جاری کی کہ الیکشنز  ایکٹ  کی دفعہ 219  (3)اور بلوچستان  لوکل گورنمنٹ ایکٹ  کی دفعہ (2)16کے تحت    آج جو مشاورت کی گئی ہے اور الیکشن کمیشن کی طرف سے جو ڈرافٹ الیکشن شیڈول مہیا کیا گیا ہے اس پر صوبائی حکومت  اپنے موقف سے الیکشن کمیشن  کو جلد آگاہ کرے تاکہ آئین  وقانون کے مطابق  کوئٹہ  میں بلدیاتی  انتخابات  کا انعقاد  ممکن  بنایا جاسکے۔

Source: https://www.express.pk/story/2813876/election-commission-ready-to-hold-by-elections-on-akhtar-mengals-vacant-seat-2813876

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.