امریکی فوج کے خلیجی ممالک سے انخلا کے بارے میں حتمی فیصلہ نہیں ہوا ہے، صدر ٹرمپ
صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدہ ہونے کے باوجود امریکی فوجی دستے فی الحال خلیجی خطے میں ہی موجود رہیں گے. ان کے انخلا کے بارے میں ابھی کوئی حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جی 7 سربراہی اجلاس کے بعد پیرس میں صحافیوں سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ ایران کے ساتھ معاہدے کے بعد امریکی فوج کب تک خلیج میں تعینات رہے گی۔
اس پر انھوں نے جواب دیا کہ یہ اچھا سوال ہے لیکن ہم نے ابھی اس بارے میں غور نہیں کیا البتہ میرا خیال ہے کہ ہم ابھی کچھ عرصے خلیجی ممالک میں ہی رہیں گے کیونکہ یہ امریکی فوج کی موجودگی کے لیے ایک اہم مقام ہے۔
صدر ٹرمپ نے اس کی وجہ بیان کرتے ہوئے کہا کہ امریکی افواج ابھی تھوڑی مدت تک خلیجی خطے میں اس لیے موجود رہیں گی تاکہ معاہدے پر عمل درآمد اور خطے کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا جاسکے۔
اپنے جواب کے آخر میں انھوں نے یہ کہا کہ میرا خیال ہے کہ ایران کے ساتھ معاہدے سے متعلق معاملات درست سمت میں جائیں گے لیکن ہمیں دیکھنا ہوگا کہ آگے کیا ہوتا ہے۔
واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کے مفاہمتی یادداشت پر دستخط جمعے کے روز متوقع ہیں جس میں ثالث پاکستان سمیت دیگر فریقین بھی شرکت کریں گے۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.