Native World News

مالی سال کے دوران 3 بڑے چیلنجز سے کامیابی سے نمٹا گیا، وزیر خزانہ اکنامک سروے پیش کر رہے ہیں

مالی سال کے دوران 3 بڑے چیلنجز سے کامیابی سے نمٹا گیا، وزیر خزانہ اکنامک سروے  پیش کر رہے ہیں

اکنامک سروے صرف موجودہ صورتحال نہیں بلکہ گزشتہ سال کی معاشی کہانی بھی بیان کرتا ہے، محمد اورنگزیب

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے اکنامک سروے کے اہم نکات میڈیا کے سامنے پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ اکنامک سروے صرف موجودہ صورتحال نہیں بلکہ گزشتہ سال کی معاشی کہانی بھی بیان کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پچھلے سال اقتصادی غیر یقینی صورتحال، سیلاب اور ریسکیو و ریلیف کی کوششوں کے چیلنجز کا سامنا رہا، جبکہ عالمی سطح پر ٹیرف اور دیگر غیر یقینی عوامل بھی موجود تھے، جنہوں نے معیشت کو متاثر کیا۔

وزیر خزانہ کے مطابق تین بڑے عوامل حکومت کے لیے چیلنج تھے جن سے کامیابی سے نمٹا گیا، اور رواں مالی سال جی ڈی پی کی شرح 3.7 فیصد رہی جو گزشتہ چار سال میں سب سے زیادہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ عالمی اور خطے کی صورتحال نے معاشی نمو پر اثر ڈالا، تاہم بیرونی و اندرونی چیلنجز کے باوجود مثبت گروتھ حاصل کی گئی۔ ان کے مطابق حکومت کا متفقہ ہدف جی ڈی پی کو 4 فیصد سے اوپر لے جانا تھا، تاہم مشرق وسطیٰ کے تنازع کے باعث کچھ اثرات مرتب ہوئے۔

وزیر خزانہ نے مزید بتایا کہ مینوفیکچرنگ کے 22 شعبوں میں سے 16 میں گروتھ دیکھی گئی، جبکہ سیمنٹ کی طلب میں 10 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ سروسز سیکٹر کی گروتھ بھی گزشتہ چار سال کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ مالیاتی صورتحال پر بات کرتے ہوئے انہوں نے بتایا کہ مالیاتی خسارہ جی ڈی پی کے 0.7 فیصد تک محدود رہا اور پرائمری بیلنس سرپلس رہا، جبکہ ایف بی آر کے ریونیو میں بھی 10 فیصد اضافہ ہوا ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2817033/3-major-challenges-were-successfully-addressed-during-the-fiscal-year-finance-minister-is-presenting-the-economic-survey-2817033/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.