Native World News

فیفا ورلڈ کپ میں پاکستانی نژاد کھلاڑی نے تاریخ رقم کر دی

فیفا ورلڈ کپ میں پاکستانی نژاد کھلاڑی نے تاریخ رقم کر دی

پہلی مرتبہ پاکستانی نژاد فٹبالر زیدان اقبال نے فیفا ورلڈ کپ کے میدان میں قدم رکھا

فیفا ورلڈ کپ 2026 میں عراق کو اپنے پہلے میچ میں ناروے کے ہاتھوں 4-1 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، تاہم پاکستان کے لیے یہ مقابلہ ایک تاریخی لمحہ لے کر آیا۔

غیرملکی خبر ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق میچ کے 59ویں منٹ میں جب عراقی مڈفیلڈر زیدان اقبال میدان میں اترے تو وہ فیفا ورلڈ کپ میں شرکت کرنے والے پاکستانی نژاد پہلے فٹبالر بن گئے۔ یوں پاکستان جو آج تک ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی نہیں کر سکا، بالواسطہ طور پر عالمی فٹبال کے سب سے بڑے اسٹیج پر اپنی نمائندگی دیکھنے میں کامیاب ہوا۔

23 سالہ زیدان عمار اقبال انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں پیدا ہوئے۔ ان کے والد عامر اقبال کا تعلق پنجاب کے شہر ساہیوال سے ہے جبکہ والدہ آیات عراق سے تعلق رکھتی ہیں۔ اس طرح انہیں انگلینڈ، پاکستان اور عراق تینوں ممالک کی نمائندگی کا موقع حاصل تھا۔

زیدان اقبال کی عراق کے لیے کھیلنے کی کہانی بھی دلچسپ ہے۔ عراقی فٹبال سے وابستہ ایک مقبول سوشل میڈیا پیج نے ان سے رابطہ کیا اور ان کے عراقی پس منظر کی تصدیق کی۔ بعد ازاں عراقی فٹبال فیڈریشن نے متعدد ویڈیو کالز کے ذریعے زیدان اور ان کے والدین سے رابطہ کیا اور انہیں قومی ٹیم کے لیے کھیلنے پر آمادہ کیا۔

بعد میں ایک انٹرویو میں زیدان اقبال نے بتایا کہ عراقی شائقین اور فٹبال فیڈریشن کی جانب سے ملنے والی محبت اور دلچسپی نے ان کے فیصلے میں اہم کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جب کوئی آپ کو اتنی محبت دے تو اس کا جواب دینا فطری بات ہوتی ہے۔

فٹبال ماہرین کے مطابق پاکستان فٹبال فیڈریشن بھی زیدان اقبال کی پیش رفت پر نظر رکھے ہوئے تھی، تاہم پاکستان اور عراق کے فٹبال ڈھانچے میں موجود واضح فرق کے باعث عراق ان کے لیے زیادہ پرکشش انتخاب ثابت ہوا۔

زیدان اقبال کا کہنا ہے کہ وہ امید کرتے ہیں کہ ان کی کامیابی دنیا بھر کے ایشیائی اور عرب نژاد بچوں کو اپنے خواب پورے کرنے کی ترغیب دے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر میں یہ کر سکتا ہوں تو دوسرے بھی ضرور کر سکتے ہیں۔

اگرچہ عراق اپنے افتتاحی میچ میں شکست کھا گیا، لیکن پاکستانی شائقین کے لیے یہ مقابلہ تاریخ ساز ثابت ہوا کیونکہ پہلی مرتبہ پاکستانی نژاد کسی فٹبالر نے فیفا ورلڈ کپ کے میدان میں قدم رکھا۔

Source: https://www.express.pk/story/2817983/pakistani-origin-player-makes-history-at-fifa-world-cup-2817983/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.