بس کی موٹر سائیکل کو ٹکر کے بعد پولیس اہلکار نے ساتھی اہلکاروں کو بلا کر ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنایا
میری ویدر ٹاور کے قریب پیپلز بس سروس کے ڈرائیوروں نے پولیس کے مبینہ تشدد کے خلاف بسیں کھڑی کرکے احتجاج کیا جس کے باعث ٹریفک جام ہوگیا جبکہ صبح سویرے دفاتر جانے والے شہری شدید پریشانی کا شکار ہوگئے۔
تفصیلات کے مطابق بسیں کھڑی کر کے جناح برج بلاک کر دیا گیا جس کے سبب ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ، جی الانہ روڈ اور ایم ٹی خان روڈ پر ٹریفک جام ہوگیا۔ اطراف کے علاقے میں بھی ٹریفک کا شدید دباؤ ہے جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوگئی۔
ایس ایچ او کھارادر پون کمار کے مطابق ٹاور پر احتجاج ہو رہا ہے، تاہم سڑک کھلوانے کی کوشش کر رہے ہیں۔ بات چیت کے ذریعے مظاہرین کو منتشر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
پولیس کے مطابق ایک بس کی موٹر سائیکل سے ٹکر ہوئی، موٹر سائیکل سوار پولیس اہلکار اپنی فیملی کے ساتھ تھا، جس پر ڈرائیور سے پولیس اہلکار کی تلخ کلامی ہوئی۔
پولیس اہلکار نے ساتھی اہلکاروں کو بلایا اور ڈرائیور کو تشدد کا نشانہ بنا ڈالا، پولیس تشدد کے خلاف ڈرائیوروں نے احتجاج شروع کر دیا۔
ترجمان ٹریفک پولیس کے مطابق ٹریفک کو چندریگر چوک سے ممتاز حسن کی طرف بھیج رہے ہیں، جناح برج سے آنے والی ٹریفک کو ايم ٹی خان کی طرف بھیجا جا رہا ہے، کھارادر تھانے سے ٹریفک کو یعقوبیہ مسجد کی طرف بھیج رہے ہیں۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.