Native World News

امریکا ایران معاہدہ؛ سعودیہ، قطر، مصر اور کویت کے وزرائے خارجہ متحرک ہوگئے

امریکا ایران معاہدہ؛ سعودیہ، قطر، مصر اور کویت کے وزرائے خارجہ متحرک ہوگئے

اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر امریکا، ایران اور ثالث پاکستان نے دستخط کردیے

امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد سے خلیجی ممالک کے درمیان سفارت کاری میں تیزی آ گئی۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر، سعودی عرب، مصر اور کویت کے اعلیٰ سفارتی حکام نے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور خطے کی تازہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا جبکہ ایران نے بھی خلیجی ممالک کے ساتھ مکالمہ جاری رکھنے اور معاہدے کو خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم قرار دیا۔

قطر اور سعودی عرب کے درمیان رابطہ

قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے سعودی وزیر خارجہ شہزادہ فیصل بن فرحان سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔ جس میں امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والا معاہدہ مرکزی موضوع رہا۔

قطری وزارت خارجہ نے بتایا کہ دونوں رہنماؤں نے دوطرفہ تعلقات کا جائزہ لیا اور واشنگٹن اور تہران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کے بعد خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

بیان میں کہا گیا کہ قطر اور سعودی عرب کئی ماہ سے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کے لیے سفارتی کوششوں کی حمایت کرتے رہے ہیں کیونکہ جنگی صورتحال نے خطے میں تیل اور گیس کی برآمدات سمیت معاشی سرگرمیوں کو متاثر کیا تھا۔

قطر اور مصر کے وزرائے خارجہ کی گفتگو

دوسری جانب قطر کے وزیراعظم و وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن بن جاسم آل ثانی نے مصر کے وزیر خارجہ بدر عبدالعاطی سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا۔

قطری وزارت خارجہ کے مطابق گفتگو میں دونوں ممالک کے باہمی تعلقات کے علاوہ امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے معاہدے اور اس کے بعد پیدا ہونے والی علاقائی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

شیخ محمد بن عبدالرحمن نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ قطر تمام تنازعات کے پائیدار حل کے لیے مذاکرات، پرامن ذرائع اور بین الاقوامی قانون کے اصولوں کی مکمل حمایت جاری رکھے گا۔

ایران اور کویت کے درمیان بھی مشاورت

ادھر ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی نے کویتی وزیر خارجہ شیخ جراح جابر الاحمد الصباح سے ٹیلی فون پر گفتگو کی۔

عباس عراقچی نے ٹیلی گرام پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ دونوں رہنماؤں نے امریکا۔ایران مفاہمتی یادداشت اور خطے کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ معاہدہ مشرقِ وسطیٰ میں امن اور استحکام کی بحالی میں مددگار ثابت ہوگا جبکہ خلیجی ممالک کے ساتھ مسلسل مکالمے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ بات چیت کے ذریعے موجودہ غلط فہمیوں اور اختلافات کو دور کیا جا سکتا ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2818158/us-iran-mou-qatar-ksa-egypt-kuwait-foriegn-minister-2818158/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.