Native World News

آبنائے ہرمز پر فیس لگانے کے کسی ایرانی منصوبے کی حمایت نہیں کریں گے: قطری وزیراعظم کا اعلان

آبنائے ہرمز پر فیس لگانے کے کسی ایرانی منصوبے کی حمایت نہیں کریں گے: قطری وزیراعظم کا اعلان

دنیا تک رسائی کے اہم بحری راستے پر کسی ایک ملک کا کنٹرول قابل قبول نہیں ہو سکتا، شیخ محمد

دوحہ: قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے کہا ہے کہ ان کا ملک آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر فیس عائد کرنے کے کسی بھی ایرانی منصوبے کی حمایت نہیں کرے گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ دنیا تک رسائی کے اہم بحری راستے پر کسی ایک ملک کا کنٹرول قابل قبول نہیں ہو سکتا۔

برطانوی اخبار کو دیے گئے ایک انٹرویو میں قطری وزیراعظم نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی بحالی کے لیے امریکا اور ایران کے درمیان قائم ہاٹ لائن انتہائی اہم کردار ادا کر رہی ہے۔ ان کے مطابق اس رابطہ نظام کا مقصد غلط فہمیوں، اشتعال انگیزی اور غیر مصدقہ اطلاعات کے باعث پیدا ہونے والے خطرات کو کم کرنا ہے۔

شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے خبردار کیا کہ بعض عناصر امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر کسی بحری جہاز کو خطرے یا دھمکی کا سامنا ہو تو اس کی تصدیق براہِ راست ایرانی حکام سے کی جانی چاہیے تاکہ کسی غلط فہمی سے بچا جا سکے۔

قطری وزیراعظم نے کہا کہ اگر ایران آبنائے ہرمز سے گزرنے پر فیس کے حوالے سے کوئی باضابطہ ماڈل پیش کرتا ہے تو اسے پہلے اپنے مؤقف اور دلائل واضح کرنا ہوں گے۔ اس کے بعد قطر اور دیگر متعلقہ ممالک اس تجویز کا جائزہ لیں گے۔

انہوں نے زور دے کر کہا کہ قطر کی عالمی منڈیوں تک رسائی کا بڑا انحصار آبنائے ہرمز پر ہے، اس لیے اس اہم آبی گزرگاہ پر کسی ایک ملک کا اختیار یا کنٹرول قبول نہیں کیا جا سکتا۔

شیخ محمد بن عبدالرحمان الثانی نے امید ظاہر کی کہ آئندہ 30 دنوں کے دوران آبنائے ہرمز میں بحری سرگرمیاں جنگ سے پہلے کی سطح کے قریب پہنچ جائیں گی۔ انہوں نے مزید بتایا کہ قطر چند ہفتوں میں مائع قدرتی گیس کی پیداوار کو مکمل طور پر معمول پر لانا چاہتا ہے، تاہم اس کا انحصار آبنائے ہرمز میں سکیورٹی اور تجارتی سرگرمیوں کی بحالی پر ہوگا۔

ماہرین کے مطابق قطر کا یہ بیان خلیجی ممالک کے اس مؤقف کی عکاسی کرتا ہے کہ آبنائے ہرمز ایک بین الاقوامی آبی گزرگاہ ہے اور اس کی آزادی اور کھلے استعمال کو یقینی بنایا جانا چاہیے۔

Source: https://www.express.pk/story/2819073/qatar-rejects-support-for-irans-hormuz-transit-fee-proposal-2819073/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.