Native World News

سندھ کے بجٹ میں کراچی کیلیے 100 ارب 19 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز

سندھ کے بجٹ میں کراچی کیلیے 100 ارب 19 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز

شہر میں ٹرانسپورٹ، پانی، نکاسی آب، انفراسٹرکچر اور شہری سہولتوں کے متعدد منصوبے بنائے جائیں گے، مراد علی شاہ

سندھ حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں کراچی کیلیے 100 ارب 19 کروڑ روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز دی ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے مالی سال 2026-2027 کے بجٹ میں کراچی کے لیے 100 ارب 19 کروڑ روپے سے زائد مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے شہر میں ٹرانسپورٹ، پانی، نکاسی آب، انفراسٹرکچر اور شہری سہولتوں کے متعدد منصوبوں کا اعلان کیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے سندھ اسمبلی میں بجٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ کراچی کی ترقی صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ کے مطابق کراچی میں مجموعی طور پر 816 ترقیاتی منصوبے شامل ہیں جن کی مجموعی لاگت 644.3 ارب روپے ہے۔شہر کے لیے رواں مالی سال میں 100 ارب 19 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں جب کہ 500 ملین روپے سے زائد لاگت کے 167 بڑے منصوبے اور ایک ارب روپے سے زائد لاگت کے 110 میگا منصوبے جاری ہیں۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ گریٹر کراچی سیوریج پلان (S-III) پر 32 ارب روپے سے زائد لاگت سے کام جاری ہے جب کہ منصوبے کے تسلسل کے لیے ایک ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

لیاری ٹرانسفارمیشن پیکیج کے لیے 4.37 ارب روپے جب کہ کراچی کی مختلف ترقیاتی اسکیموں سمیت 822 منصوبوں کے لیے 108.1 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ بجٹ میں کراچی کے ٹریفک نظام کو بہتر بنانے کے لیے متعدد منصوبے شامل کیے گئے ہیں۔ کراچی ایئرپورٹ روڈ سے اسٹار گیٹ تک 1.2 ارب روپے کی لاگت سے نیا فلائی اوور تعمیر کیا جائے گا جب کہ ملیر ہالٹ سے شارع فیصل تک 1.5 ارب روپے کی لاگت سے رائٹ ٹرن انڈرپاس بنایا جائے گا۔

سندھ کے بجٹ میں کراچی کیلیے 100 ارب 19 کروڑ روپے مختص کرنے کی تجویز

گجر نالہ پر سر شاہ سلیمان روڈ کراسنگ فلائی اوور کے لیے 1.65 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں جب کہ شاہراہ بھٹو اور کورنگی کازوے جنکشن منصوبے کے لیے 15 کروڑ 90 لاکھ روپے اور عظیم پورہ انٹرسیکشن فلائی اوور سمیت شاہ فیصل روڈ منصوبے کے لیے 10 کروڑ 50 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ بڑے برساتی نالوں کی تعمیر اور بحالی کے تیسرے مرحلے کے لیے ایک ارب روپے، گجر نالہ کی بحالی اور سروس روڈز کی تعمیر کے لیے ایک ارب 10 کروڑ روپے جب کہ ایم نائن سے تھدو نالہ تک اسٹورم واٹر ڈرین منصوبے کے لیے 28 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

صدر ٹاؤن کی سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی بحالی کے لیے 31 کروڑ 94 لاکھ روپے جب کہ شاہراہ بھٹو ایکسپریس وے تک نئی رابطہ سڑک کی تعمیر کے لیے 70 کروڑ 38 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

شہر میں صفائی ستھرائی کے نظام کو بہتر بنانے کے لیے 6 جدید گاربیج ٹرانسفر اسٹیشنز کے قیام پر 166 کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے جب کہ سالڈ ویسٹ ایمرجنسی اینڈ ایفیشنسی پروگرام کے لیے 9 ارب روپے سے زائد کی رقم رکھی گئی ہے۔جام چاکرو اور گوند پاس لینڈ فل سائٹس کی اپ گریڈیشن کے لیے 118 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

پانی کی فراہمی کے منصوبوں کے تحت کے فور منصوبے سے منسلک واٹر سپلائی سسٹم کی توسیع کے لیے 57 کروڑ 52 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔

ضلع شرقی اور وسطی کے واٹر پمپنگ اسٹیشنز کی اپ گریڈیشن کے لیے ایک ارب روپے جب کہ لیاری ایکسپریس وے کے ساتھ نئی واٹر سپلائی لائن کے منصوبے کے لیے 127 کروڑ روپے رکھے گئے ہیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2817975/sindh-govt-allocate-100-billion-in-budget-for-karachi-2817975/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.