Native World News

علیمہ خان کی وفاقی و صوبائی وزرا اور صحافیوں کو بطور عدالتی گواہ طلب کرنے کی استدعا

علیمہ خان کی وفاقی و صوبائی وزرا اور صحافیوں کو بطور عدالتی گواہ طلب کرنے کی استدعا

عدالت نے 26 نومبر احتجاج کے مقدمے کی سماعت کل تک کے لیے ملتوی کردی

علیمہ خان نے وزرا اور صحافیوں سمیت اہم شخصیات کو کیس کی سماعت میں بلانے کی استدعا کردی۔

انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں علیمہ خانم سمیت 11 ملزمان کے خلاف 26 نومبر احتجاج کے مقدمے کی سماعت ہوئی۔ سماعت انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کی، جبکہ سینئر پراسیکیوٹر ظہیر شاہ پر مشتمل پراسیکیوشن ٹیم بھی کمرہ عدالت میں موجود تھی۔

عدالت نے مقدمے کی سماعت کل دن ایک بجے تک ملتوی کر دی۔

سماعت کے دوران علیمہ خانم اپنے وکیل محمد فیصل ملک کے ہمراہ عدالت میں پیش ہوئیں ۔ وکیل نعیم حیدر پنجوتھہ بھی ان کے ساتھ موجود تھے۔ علیمہ خانم کے وکیل نے استغاثہ کے 21 گواہان کو بطور عدالتی گواہ طلب کرنے کی درخواست دائر کی، جسے عدالت نے سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے فریقین کو نوٹسز جاری کر دیے۔

درخواست میں وزیر داخلہ محسن نقوی، وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور صوبائی وزیر عظمیٰ بخاری کو بطور عدالتی گواہ طلب کرنے کی استدعا کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ سینئر صحافی انصار عباسی، اینکر شاہزیب خانزادہ، مختلف اخبارات کے نیوز ایڈیٹرز، چینلز کے نیوز ایڈیٹرز اور بیورو چیفس کو بھی بطور گواہ طلب کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔

عدالت نے ملزمہ کی درخواست پر پراسیکیوشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے کل جواب طلب کر لیا ہے۔

دوران سماعت علیمہ خانم کو دفعہ 342 کے تحت سوالنامہ بھی فراہم کر دیا گیا، جو 37 سوالات پر مشتمل ہے۔ مقدمے میں شریک 2 ملزمان عدالت قریشی اور طیب شاہ نے اپنے 342 کے بیانات بھی قلمبند کرا دیے۔

عدالت نے آئندہ کارروائی کے لیے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کر دی۔

Source: https://www.express.pk/story/2817785/aleema-khans-request-to-summon-federal-and-provincial-ministers-and-journalists-as-court-witnesses-2817785/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.