Native World News

قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی میں ایک بار پھر ڈرگ کوئین انمول عرف پنکی کے معاملے کی گونج

قومی اسمبلی قائمہ کمیٹی میں ایک بار پھر ڈرگ کوئین انمول عرف پنکی کے معاملے کی گونج

چیئرمین کمیٹی نے ہدایت کی کہ جو لوگ بھی اس معاملے میں ملوث ہیں، ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اجلاس چیئرمین کمیٹی راجہ خرم نواز کی زیر صدارت شروع ہوا۔

اجلاس میں پیش کردہ 16 فروری کے منٹس پر آغا رفیع اللہ برہم ہوگئے۔ انہوں نے کہا کہ اداروں کے لوگ یہاں پیش نہیں ہوتے، ایسے پارلیمان کی تذلیل نہ کی جائے۔ چیئرمین کمیٹی نے کہا کہ وزراء کو کمیٹی میں پیش ہونے کا کہا گیا تھا اور یہی بات پارلیمنٹ میں بھی ہوئی تھی۔

اجلاس میں ایک بار پھر ڈرگ کوئین انمول عرف پنکی کا معاملہ زیر بحث آیا۔ چیئرمین کمیٹی کے مطابق انمول پنکی کے وکیل نے عدالت میں پیشی کے دوران سابق وزیراعظم راجا پرویز اشرف کا نام لیا، جس پر سندھ پولیس اور ایف آئی اے افسران کو جواب دینا ہوگا۔

سابق وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کمیٹی میں پیش ہوئے اور کہا کہ انہیں جو پہلا کلپ ملا اس میں راجہ پرویز صاحب اور راجہ پرویز اشرف کا ذکر تھا۔ ان کے مطابق بہت سے لوگوں کی کالز آئیں کہ آپ اس معاملے میں کیسے آئے۔

راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ ایک گھنٹے کے دوران دوسرا کلپ ان کے وکیل کا موصول ہوا، جس میں کہا گیا کہ انمول کے مطابق اس پر تشدد کیا جا رہا ہے کہ وہ راجہ پرویز اشرف کا نام لے۔

انہوں نے کہا کہ وہ حیران ہیں کہ سندھ میں ان کی حکومت ہے اور وہاں ایسا کیوں ہوگا۔ ویلاگرز کو سوشل میڈیا پر بیچنے کے لیے ایسے مصالحے دار مواد کی ضرورت ہوتی ہے۔

سابق وزیراعظم نے کہا کہ انہوں نے اسمبلی میں بات کی اور چیئرمین کمیٹی نے فوری اس پر نوٹس لیا۔ ان کے مطابق اس کا تدارک کرنا ہوگا، اگر یہ ختم نہیں ہو سکتا تو اسے محدود کرنا ہوگا۔

اس سے قبل اجلاس میں راجہ پرویز اشرف نے کہا تھا کہ اداروں کو اپنے اپنے دائرہ کار میں رہ کر ذمہ داریاں ادا کرنا ہوں گی۔ انہوں نے کہا کہ تہمت لگنے پر انسان پریشان ہو جاتا ہے اور ان کے مخالفین نے بھی اعتراف کیا ہے کہ ان کا اس معاملے سے کوئی تعلق نہیں۔

انمول پنکی کیس میں ایڈیشنل آئی جی پنجاب اور ایڈیشنل پولیس چیف سندھ کو انکوائری کرنے کا حکم دے دیا گیا، چیئرمین کمیٹی نے ہدایت کی کہ جو لوگ بھی اس معاملے میں ملوث ہیں، ان کے خلاف فوری کارروائی کی جائے، چیئرمین کمیٹی کے مطابق مکمل انکوائری رپورٹ کمیٹی کو پیش کی جائے گی۔

Source: https://www.express.pk/story/2813910/the-issue-of-drug-queen-anmol-alias-pinky-is-once-again-being-discussed-in-the-national-assembly-standing-committee-2813910

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.