Native World News

چین میں تیار ہونے والی پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کراچی پہنچ گئی

چین میں تیار ہونے والی پاک بحریہ کی پہلی ہنگور کلاس آبدوز کراچی پہنچ گئی

یہ جدید آبدوز جدید ترین کامبیٹ سسٹمز، سینسرز، سونار، ریڈار اور ہتھیاروں سے لیس اور جدید اسٹیلتھ ٹیکنالوجی موجود ہے

پاک بحریہ کی چین میں تیار ہونے والی پہلی ہنگور کلاس آبدوز، پی این ایس/ایم ہنگور کراچی پہنچ گئی، جس کے بارے میں بتایا گیا کہ بحیرہ عرب کی وسعتوں میں ابھرتا یہ منظر محض ایک آبدوز کی آمد نہیں بلکہ پاکستان کی بحری قوت، دفاعی خود اعتمادی اور جدید عسکری صلاحیتوں کی ایک نئی علامت ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق پاک بحریہ کی ہنگو کلاس آبدوز کراچی میں فاسٹ رسپانس بوٹس کے حصار میں بندرگاہ میں داخل ہوئی اور پاکستان کی سمندری تاریخ میں ایک اہم باب رقم ہوا۔

اعلامیے میں بتایا گیا کہ یہ آبدوز پاک بحریہ کے فلیٹ میں شامل ہو کر نہ صرف ملکی بحری دفاع کو مزید مضبوط بنائے گی بلکہ خطے میں طاقت کے توازن اور سمندری سلامتی کے حوالے سے بھی اہم کردار ادا کرے گی، ہنگور نام پاکستان کی بحری تاریخ میں جرات، مہارت اور پیشہ ورانہ برتری کی علامت ہے۔

بحریہ کی آبدوز ہنگور نے 1971 کی پاک-بھارت جنگ میں بھارتی بحریہ کے جنگی جہاز کھکری کو غرق آب کر کے تاریخ رقم کی تھی، ایک اور جنگی جہاز کرپان کو شدید نقصان پہنچایا تھا اور اسی تاریخی اور قابل فخر روایت کو آگے بڑھاتے ہوئے نئی ہنگور کلاس آبدوزوں کو یہ نام دیا گیا ہے۔

چین میں تیار کی جانے والی یہ جدید آبدوز جدید ترین کامبیٹ سسٹمز، سینسرز، سونار، ریڈار اور ہتھیاروں سے لیس ہے، اس میں جدید اسٹیلتھ ٹیکنالوجی موجود ہے جو اسے دشمن کی نظروں سے اوجھل رہتے ہوئے مؤثر کارروائی کی صلاحیت فراہم کرتی ہے۔

مزید برآں، یہ آبدوز طویل فاصلے تک مار کرنے والے تارپیڈوز اور کروز میزائل لے جانے کی صلاحیت رکھتی ہے، پی این ایس/ایم ہنگور کی ایک نمایاں خصوصیت ایئر انڈیپنڈنٹ پروپلشن (اے آئی پی) نظام ہے، جس کی بدولت یہ طویل عرصے تک زیر آب رہ کر آپریشنز سرانجام دے سکتی ہے۔

پاک بحریہ کی ہنگور کلاس آبدوز کے بارے میں بتایا گیا کہ آج کراچی کے ساحل پر پہنچنے والی یہ نئی ہنگور اپنی تاریخی پیش رو کی روایات کی امین بھی ہے اور مستقبل کی بحری جنگی ضروریات کا جواب بھی، ہنگور ایک نام نہیں بلکہ پاکستان کی سمندری طاقت، قومی عزم اور دفاعی صلاحیت کا استعارہ ہے، دشمن کے لیے ہنگور کل بھی خوف کی علامت تھی اور آج بھی سمندروں پر ہماری برتری کا اعلان ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2817093/china-made-pak-navy-first-hangur-class-submarine-karachi-reached-2817093

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.