Native World News

ایران کیساتھ معاہدہ طے پا گیا؛ اب حملے نہیں کریں گے؛ صدر ٹرمپ کا بڑا دعویٰ

ایران کیساتھ معاہدہ طے پا گیا؛ اب حملے نہیں کریں گے؛ صدر ٹرمپ کا بڑا دعویٰ

تاحال ایران کی جانب سے صدر ٹرمپ کے معاہدہ طے پاجانے کے دعوے کی تردید یا تصدیق سامنے نہیں آئی ہے

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا ہے کہ ایران کے ساتھ ایک اہم معاہدہ تقریباً طے پا گیا ہے جس کے باعث آج رات ہونے والے فضائی حملے منسوخ کر دیے ہیں۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ کا کہنا ہے کہ معاہدے کے بنیادی نکات پر امریکا، ایران اور فریقین کے درمیان اتفاقِ رائے پیدا ہو چکا ہے۔ اس لیے اب حملے نہیں کریں گے۔

انھوں نے مزید بتایا کہ معاہدے کے حتمی نکات اور بنیادی تصور دونوں لحاظ سے تمام متعلقہ فریقوں کی منظوری حاصل کر چکے ہیں۔

صدر ٹرمپ کے بقول ان ممالک میں امریکا، اسرائیل، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات، قطر، ترکیہ، پاکستان، بحرین، کویت، اردن، مصر اور دیگر شامل ہیں۔

امریکی صدر نے یہ بھی کہا کہ ایران بحریہ کی ناکہ بندی امریکی فوج اُس وقت تک برقرار رکھے گی جب تک معاہدے پر باقاعدہ دستخط نہیں ہو جاتے۔ دستخط کی جگہ اور وقت کا اعلان جلد کیا جائے گا۔

اس بیان کے کچھ دیر بعد وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے گفتگو میں صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان معاہدے کی دستاویزات تقریباً حتمی مرحلے میں پہنچ چکی ہیں۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا اور ایران کے درمیان زیرِ غور معاہدہ آئندہ چند دنوں میں حتمی شکل اختیار کر سکتا ہے اور اس سے متعلق دستاویزات کی تیاری آخری مراحل میں ہے۔

دوسری جانب ایرانی حکومت کی جانب سے تاحال صدر ٹرمپ کے معاہدے کے بنیادی نکات پر اتفاق رائے کے دعوے کی تصدیق یا ترید نہیں کی گئی ہے۔

تاہم سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان عبوری سمجھوتے پر بات چیت جاری ہے۔

اس مجوزہ سمجھوتے میں جنگ بندی کو مضبوط بنانا، بعض منجمد ایرانی اثاثوں کی رہائی اور آبنائے ہرمز میں کشیدگی کم کرنے کے اقدامات شامل ہیں۔ جبکہ ایران کے جوہری پروگرام پر تفصیلی مذاکرات بعد میں جاری رہیں گے۔

دوسری جانب خطے میں کشیدگی مکمل طور پر ختم نہیں ہوئی۔ امریکی اور ایرانی فورسز کے درمیان محدود حملوں اور جوابی کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے جبکہ امریکا ایران کی بندرگاہوں کے خلاف اپنی بحری ناکہ بندی بھی برقرار رکھے ہوئے ہے۔

یاد رہے کہ صدر ٹرمپ اس سے قبل بھی متعدد مواقع پر ایران کے ساتھ معاہدہ طے پا جانے کا دعویٰ کر چکے ہیں لیکن مذاکرات مختلف نکات پر تعطل کا شکار ہی ہوتے رہے ہیں۔

ٹرمپ کا آج دعویٰ اس لیے بھی چونکا دینے والا ہے کہ انھوں نے کچھ دیر قبل ہی کہا تھا کہ آج رات سے ایران پر سخت حملے شروع کریں گے اور ان کے پیٹرول و گیس کے ذخائر پر قبضہ کرلیں گے۔

Source: https://www.express.pk/story/2817098/trump-says-deal-just-about-reached-with-iran-calls-off-us-strikes-against-regime-2817098

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.