Native World News

چین کے اعلیٰ سطح وفد کی وزیراعظم سے ملاقات، پاکستان کی حمایت کی یقین دہانی

چین کے اعلیٰ سطح وفد کی وزیراعظم سے ملاقات، پاکستان کی حمایت کی یقین دہانی

مشترکہ مستقبل کے لیے چین پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا، نائب چیئرمین نیشنل پیپلز کانگریس اسٹینڈنگ کمیٹی

نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین نے وزیراعظم سے ملاقات کی جس میں خطے کی صورتحال سمیت مختلف امور پر بات ہوئی.

وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چین کے ایک اعلیٰ سطح وفد نے ملاقات کی، جس کی قیادت قومی نیشنل پیپلز کانگریس (این پی سی) کی اسٹینڈنگ کمیٹی کے نائب چیئرمین تسائی دافنگ نے کی۔

یہ وفد پاکستان اور چین کے درمیان سفارتی تعلقات کے قیام کی 75ویں سالگرہ کی تقریبات میں شرکت کے لیے پاکستان کے دورے پر ہے۔

ملاقات میں اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ، معاون خصوصی طارق فاطمی اور سیکرٹری خارجہ آمنہ بلوچ بھی شریک تھے۔

معزز چینی مہمان کو پاکستان آمد پر خوش آمدید کہتے ہوئے وزیراعظم نے پاکستان اور چین کے درمیان تاریخی اور اسٹریٹجک تعاون پر مبنی شراکت داری کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ 75 برس کے دوران پاکستان اور چین نے باہمی اعتماد اور دوطرفہ و علاقائی اہمیت کے حامل امور پر اسٹریٹجک ہم آہنگی کی بنیاد پر دوستی کا ایک منفرد رشتہ قائم کیا ہے۔

وزیراعظم نے صدر شی جن پنگ، وزیراعظم لی چیانگ اور چینی عوام کو سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ کے موقع پر دلی مبارکباد پیش کی اور چین کے بنیادی قومی مفادات کے لیے پاکستان کی مکمل حمایت کا اعادہ کیا۔

انہوں نے پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے چین کی مسلسل حمایت کو سراہا۔ وزیراعظم نے چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کو پاکستان کی سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے ایک گیم چینجر قرار دیتے ہوئے اس کے اگلے مرحلے کی کامیابی کے لیے پاکستان کے پختہ عزم کا اعادہ کیا، جس میں زراعت، آئی ٹی، صنعت اور معدنیات کے شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنے آئندہ سرکاری دورۂ چین کے منتظر ہیں۔

علاقائی صورتحال کے تناظر میں وزیراعظم نے جنوبی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں امن و استحکام کے فروغ کے لیے چین کے تعمیری کردار کو سراہا اور علاقائی ہم آہنگی اور کثیرالجہتی تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

نائب چیئرمین تسائی دافنگ نے وزیراعظم کا پُرتپاک استقبال اور میزبانی پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ پر مبارکباد کا تبادلہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ چینی قیادت پاکستان چین تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پُرعزم ہے۔

نائب چیئرمین نے کہا کہ چین پاکستان کی حمایت جاری رکھے گا اور چین پاکستان مشترکہ مستقبل کی حامل برادری کی تعمیر کے لیے پاکستان کے ساتھ قریبی تعاون جاری رکھے گا۔

تسائی دافنگ نے مزید کہا کہ چین علاقائی امن کوششوں میں پاکستان کے کردار کی مکمل حمایت کرتا ہے اور عالمی امن و استحکام کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔

دونوں جانب نے اس بات پر زور دیا کہ پاکستان اور چین کے درمیان آہنی بھائی چارہ خطے میں امن، ترقی اور استحکام کا ایک اہم ستون ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2813952/high-level-chinese-delegation-meets-prime-minister-assures-pakistan-of-support-2813952/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.