Native World News

راولپنڈی دہرے قتل کیس  میں پیشرفت؛ تشدد کی ویڈیوز اور اہم شواہد مل گئے

راولپنڈی دہرے قتل کیس  میں پیشرفت؛ تشدد کی ویڈیوز اور اہم شواہد مل گئے

زین شاہ کو 8 مئی کو پہلے قتل ہونے والے سراج خان کے رشتہ داروں نے تشدد کرکے قتل کیا تھا، پولیس

پیر مہر علی شاہ ٹاؤن میں 2 افراد کے قتل کے مقدمات میں درج کراس ورژن کے معاملے میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔

تھانہ دھمیال میں درج مقدمے کی تفتیش سے منسلک پولیس ٹیم کو اہم شواہد مل گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق ٹیم مقتول زین شاہ پر انسانیت سوز تشدد کے ڈیجیٹل شواہد حاصل کرنے میں کامیاب ہو گئی ہے جبکہ مقتول پر تشدد کی ویڈیوز بھی پولیس کے ہاتھ لگ گئی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق مقتول زین شاہ کے والد کی مدعیت میں درج مقدمہ، جو کراس ورژن کے طور پر درج کیا گیا تھا، اس میں مزید دفعات شامل کر دی گئی ہیں۔

زین شاہ کو قتل کرنے پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 302 مقدمے میں شامل کی گئی ہے جبکہ زین شاہ کی فیملی کو سنگین نتائج کی دھمکیاں دینے پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 506 ٹو بھی مقدمے کا حصہ بنا دی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق مقدمے میں 17 ملزمان کو نامزد کر دیا گیا ہے اور ان کی گرفتاری کے لیے پولیس ٹیمیں بھی تشکیل دے دی گئی ہیں۔

اس سے قبل گزشتہ روز مقدمے میں لاش کی بے حرمتی کرنے پر دفعہ 297 شامل کی گئی تھی جبکہ زین شاہ کو اغوا کرنے پر تعزیرات پاکستان کی دفعہ 364 سمیت بلوہ کی دفعات بھی مقدمے میں شامل کی گئی ہیں۔

پولیس ذرائع کے مطابق زین شاہ کو 8 مئی کو پہلے قتل ہونے والے سراج خان کے رشتہ داروں نے تشدد کرکے قتل کیا تھا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ راولپنڈی میں زین شاہ کو پہلے قتل کے بدلے میں اسی جگہ اور اسی دن قتل کیا گیا۔

پولیس کے مطابق 8 مئی کو لین دین کے تنازع پر زین شاہ کے گھر دھاوا بولنے کے دوران پہلے سراج خان کو گولی مار کر قتل کیا گیا تھا، جس کے بعد سراج کے رشتہ داروں نے زین شاہ کو انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنا کر قتل کر دیا۔ ذرائع کے مطابق ملزمان زین شاہ کے گلے میں پھندا ڈال کر اسے گھسیٹتے رہے جبکہ اس کی ٹانگ پر جلنے کے نشانات بھی ملے تھے۔

پولیس ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ دونوں قتل کی تفصیلی پوسٹ مارٹم رپورٹس تاحال موصول نہیں ہوئیں۔

Source: https://www.express.pk/story/2812964/progress-in-rawalpindi-double-murder-case-videos-of-torture-and-important-evidence-found-2812964/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.