Native World News

امریکی کارروائی کے بعد ایران کا بھرپور جواب، بحرین، اردن اور کویت میں فوجی اڈوں پر ڈرون حملے کردیئے

امریکی کارروائی کے بعد ایران کا بھرپور جواب، بحرین، اردن اور کویت میں فوجی اڈوں پر ڈرون حملے کردیئے

ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی موجودگی اور حملوں کے خلاف دفاعی اقدامات جاری رہیں گے

تہران: ایران نے امریکی حملوں کے بعد بھرپور جوابی کارروائی کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ خطے میں موجود متعدد امریکی فوجی اڈوں اور تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایرانی فوجی کمان کے مرکز خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائی امریکی جارحیت کے جواب میں کی گئی۔ بیان کے مطابق ایران نے خطے میں بعض امریکی فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا ہے اور اگر امریکی حملے جاری رہے تو اس سے بھی زیادہ سخت ردعمل دیا جائے گا۔

ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے مطابق امریکی حملوں کے نتیجے میں جنوبی ایران کے علاقے سیریک میں ایک ٹیلی کمیونیکیشن ٹاور کو نقصان پہنچا جبکہ دو واٹر ٹینک بھی تباہ ہوئے۔

پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا کہ جواباً بحرین میں تعینات امریکی ففتھ فلیٹ کو ڈرون حملے کا نشانہ بنایا گیا۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ امریکی فوجی موجودگی اور حملوں کے خلاف دفاعی اقدامات جاری رہیں گے۔

دوسری جانب روسی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے جم کے علاقے میں امریکا کے ایک ایم کیو-نائن ڈرون کو تباہ کر دیا ہے، تاہم اس حوالے سے امریکی حکام کی جانب سے کوئی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔

ایرانی میڈیا کے مطابق پاسدارانِ انقلاب نے اردن میں واقع امریکی الازرق فوجی اڈے پر بھی میزائل حملہ کیا۔ ایرانی بیان میں کہا گیا کہ اس حملے میں چار اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا، جن میں ایف-35 طیاروں کے ہینگرز اور کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر شامل تھے۔

پاسدارانِ انقلاب کا مزید کہنا ہے کہ حملے میں طویل فاصلے تک مار کرنے والے میزائل استعمال کیے گئے۔ اس کے علاوہ کویت میں واقع علی السالم فوجی اڈے پر بھی ڈرون حملے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔

ادھر کویتی فوج نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اس کا فضائی دفاعی نظام دشمن کے حملوں کو ناکام بنانے میں مصروف ہے اور ملکی فضائی حدود کی نگرانی جاری ہے۔

خطے میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کے باعث مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال ایک بار پھر انتہائی حساس ہو گئی ہے، جبکہ عالمی برادری فریقین سے تحمل اور مزید تصادم سے گریز کی اپیل کر رہی ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2816796/iran-claims-strikes-on-us-military-bases-following-american-attacks-2816796

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.