ڈیوگ چیس نے کم عمری میں ہی شوبز کی دنیا میں غیرمعمولی شہرت حاصل کی تھی
ہالی ووڈ کی معروف اداکارہ اور سابق چائلڈ اسٹار ڈیوگ چیس 35 برس کی عمر میں دنیا سے رخصت ہوگئیں، جس کی خبر نے ان کے مداحوں کو غمزدہ کر دیا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ڈیوگ چیس نے کم عمری میں ہی شوبز کی دنیا میں غیرمعمولی شہرت حاصل کی تھی اور وہ خصوصاً فلم ’دی رنگ‘ اور ڈزنی کی مقبول اینی میٹڈ فلم ’لیلو اینڈ اسٹیچ‘ میں اپنی یادگار پرفارمنس کے باعث پہچانی جاتی تھیں۔
اداکارہ کے قریبی ساتھی اور بوائے فرینڈ کے مطابق ڈیوگ چیس کا انتقال منگل کو ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ اداکارہ ایک سنگین بیماری میں مبتلا تھیں اور رواں ماہ کے آغاز میں انہیں لاس اینجلس کے ایک اسپتال میں داخل کرایا گیا تھا، تاہم طبی کوششوں کے باوجود وہ صحت یاب نہ ہو سکیں۔
ڈیوگ چیس نے 2002 میں ریلیز ہونے والی سپر ہٹ اینی میٹڈ فلم لیلو اینڈ اسٹیچ میں مرکزی کردار ’’لیلو‘‘ کو اپنی آواز دے کر دنیا بھر میں شہرت حاصل کی تھی۔ ان کی پرفارمنس کو بے حد پسند کیا گیا، جس کے بعد انہوں نے اسی کردار کے لیے بنائی گئی ٹی وی سیریز میں بھی اپنی آواز کا جادو جگایا۔
مداح اور شوبز شخصیات سوشل میڈیا پر ڈیوگ چیس کو خراجِ عقیدت پیش کر رہے ہیں اور ان کی فنی خدمات کو یاد کر رہے ہیں۔ ان کے انتقال کو ہالی ووڈ کی تفریحی صنعت کے لیے ایک بڑا نقصان قرار دیا جا رہا ہے۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.