ترجمان مری پولیس کے مطابق پولیس کو 15 پر ڈکیتی کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر مری پولیس نے فوری ایکشن لیا
مری میں ڈکیت گینگ کی پولیس پر فائرنگ کے بعد جوابی کارروائی میں 2 ملزمان زخمی ہوگئے، جبکہ دیگر 2 ساتھیوں کو بھی فائرنگ کے تبادلے کے بعد گرفتار کرلیا گیا۔ ترجمان مری پولیس کے مطابق پولیس کو 15 پر ڈکیتی کی اطلاع موصول ہوئی، جس پر مری پولیس نے فوری ایکشن لیا۔
پولیس جب تریٹ کے مقام پر پہنچی تو ڈکیتوں نے پولیس پر اندھا دھند فائرنگ شروع کردی۔ فائرنگ کے دوران 2 ڈکیت اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے زخمی ہوگئے۔ شدید فائرنگ اور مقابلے کے بعد چاروں ڈکیتوں کو گرفتار کرلیا گیا۔
پولیس کے مطابق ڈکیتوں سے وارداتوں میں استعمال ہونے والی 2 موٹر سائیکلیں اور اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ گرفتار ڈکیتوں کی شناخت عثمان حسن اور واجد کے ناموں سے ہوئی، جبکہ زخمی ڈکیتوں کی شناخت محمد نوید اور نبیل سلیم کے ناموں سے ہوئی، جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ڈی پی او مری ڈاکٹر رضا تنویر سپرا کا کہنا ہے کہ یہ گینگ ضلع مری میں متعدد ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث تھا، جو مری پولیس کے لیے ایک چیلنج بنا ہوا تھا۔ ان کے مطابق یہ گینگ مری کے علاوہ روات اور نیو ٹاؤن میں بھی وارداتیں کرتا تھا اور ملزمان ڈکیتی اور اسنیچنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ہیں۔
ڈی پی او مری نے ڈی ایس پی مری کی زیر نگرانی خطرناک ڈکیتوں کا جوانمردی سے مقابلہ کرنے پر ایس ایچ او مری اویس اکرم اور پولیس ٹیم کو شاباش دی۔ پولیس کے مطابق ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے اور دیگر وارداتوں کے حوالے سے اہم انکشافات متوقع ہیں۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.