مقدمے میں چینی شہری کومرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے، گولڈ باکس کے سی ایف او، سی ٹی او اور مارکیٹنگ ڈائریکٹر بھی شامل ہیں
اسلام آباد میں بڑے آن لائن سرمایہ کاری فراڈ کے معاملے پر ‘گولڈ باکس’ اور ‘جی ایل بی ایل’ ایپ کے ذریعے کروڑوں روپے ہتھیانے کے الزام میں متعدد افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔
این سی سی آئی اے نے پیکا ایکٹ اور فراڈ دفعات کے تحت چینی باشندوں سمیت متعدد افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کرلی، جس کے مطابق 270 سے زائد متاثرہ افراد سامنے آ گئے ہیں۔
مقدمے میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ 270 متاثرین سے 13 کروڑ 40 لاکھ روپے سے زائد وصول کیے گئے ہیں اور مدعی مقدمہ محمد ایاز خان سے 5 کروڑ 41 لاکھ روپے ہتھیائے گئے۔
ایف آئی آر میں بتایا گیا کہ بلیو ایریا اسلام آباد سے مبینہ فراڈ نیٹ ورک چلایا جا رہا تھا، بلائنڈ باکس سرمایہ کاری پیکجز کے نام پرعوام کو راغب کیا گیا اور روزانہ 0.5 سے ایک فیصد منافع کا لالچ دے کر سرمایہ کاری حاصل کی گئی۔
حکام نے بتایا کہ گولڈ باکس ڈاٹ کلب ویب سائٹ اور موبائل ایپ کے خلاف تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
مقدمے کے مطابق اکاؤنٹس میں رقم جمع کروانے کی ہدایات دی جاتی رہیں جبکہ ایپ بند ہوتے ہی شہری اپنی رقوم نکالنے سے محروم ہوگئے۔
مقدمے میں چینی شہری ہوانگ روفینگ کو مرکزی ملزم نامزد کیا گیا ہے، گولڈ باکس کمپنی کے سی ایف او، سی ٹی او اور مارکیٹنگ ڈائریکٹر بھی مقدمے میں شامل ہیں اور این سی سی آئی اے نے مزید گرفتاریاں اور مالی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
حکام نے شہریوں کو غیر معمولی منافع والی اسکیموں سے محتاط رہنے کی ہدایت کرتے ہوئے آن لائن سرمایہ کاری پلیٹ فارمز کی جانچ کے بغیر سرمایہ کاری نہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ سائبر کرائم ادارے کی بینکنگ ریکارڈ اور ڈیجیٹل شواہد تک رسائی جاری ہے اور مقدمہ پیکا ایکٹ اور دھوکا دہی کی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.