امریکا ایران معاہدے پر دستخط ہوگئے
قطر نے امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے اختلافات کے حل کے لیے دونوں ممالک کے عزم کا مظہر قرار دیا ہے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق قطر نے امریکا ایران معاہدے میں پاکستان کی ثالثی اور سفارتی کوششوں کو سراہتے کہا کہ یہ پیش رفت خطے میں امن اور استحکام کی جانب اہم قدم ہے۔
قطری وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا کہ امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والا معاہدہ، جس میں جنگی کارروائیوں کے خاتمے اور آبنائے ہرمز میں بحری آمدورفت کی آزادی کو یقینی بنانے کی شقیں شامل ہیں آئندہ مذاکرات کے لیے ایک مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔
وزارت خارجہ کے مطابق یہ معاہدہ اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ دونوں ممالک اپنے اختلافات کو طاقت کے بجائے مذاکرات اور سفارت کاری کے ذریعے حل کرنے کے خواہاں ہیں۔
قطر نے تمام متعلقہ فریقوں پر زور دیا کہ وہ مثبت ماحول، تعمیری کوششوں اور باہمی تعاون کو برقرار رکھیں تاکہ مذاکرات کے نتیجے میں جامع، دیرپا اور پائیدار حل سامنے آ سکے۔
بیان میں پاکستان کے کردار کو خصوصی طور پر سراہتے ہوئے کہا گیا کہ پاکستان نے امریکا اور ایران کے درمیان مفاہمت کی راہ ہموار کرنے میں اہم سفارتی کردار ادا کیا جسے قطر قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔
قطری بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا اور ایران کے وفود کے درمیان جمعہ کو سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں نئے مذاکرات کا آغاز متوقع ہے۔ ان مذاکرات میں قطر بھی ثالثی کرنے والے ممالک میں شامل ہوگا اور معاہدے پر عمل درآمد سمیت دیگر اہم امور پر بات چیت کی جائے گی۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.