کمپنی کی جانب سے ان فیچرز کی آزمائش جاری ہے
انسٹنٹ میسجنگ ایپلی کیشن واٹس ایپ نے اسمارٹ فون صارفین کے لیے ’اباؤٹ‘ سیکشن کا مکمل نیا ڈیزائن متعارف کرانے کا اعلان کیا ہے۔ یہ تبدیلی اینڈرائیڈ کے تازہ ترین بیٹا ورژن 2.26.24.1 کا حصہ ہے۔
ویب سائٹ واٹس ایپ بِیٹا انفو کے مطابق اس نئے فیچر کا مقصد صارفین کے تجربے کو بہتر اور زیادہ منظم بنانا ہے۔
اس اپ ڈیٹ میں پروفائل اور ٹیکسٹ اسٹیٹس سے متعلق تمام آپشنز کو ایک ہی مرکزی اسکرین پر اکٹھا کر دیا گیا ہے، جبکہ پہلے یہ مختلف حصوں میں بکھرے ہوئے تھے۔
نیا فیچر صارفین کو یہ سہولت بھی دیتا ہے کہ وہ اپنا ٹیکسٹ اسٹیٹس پوسٹ کرنے سے پہلے اس کا پری ویو دیکھ سکیں تاکہ انہیں اندازہ ہو جائے کہ وہ دوسروں کو کیسے نظر آئے گا۔
اس کے علاوہ، پرائیویسی کنٹرولز کو بھی مینو کے اندر ہی شامل کر دیا گیا ہے جس سے صارف آسانی سے یہ طے کر سکے گا کہ اس کا اسٹیٹس اور بائیو کون دیکھ سکتا ہے اور اس کے لیے الگ سیٹنگز میں جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔
اپ ڈیٹ میں تیار شدہ اسٹیٹس اور پہلے سے موجود جملوں تک تیز رسائی بھی دی گئی ہے جبکہ ایموجیز کی مدد سے ذاتی نوعیت کے پیغامات لکھنا مزید آسان بنا دیا گیا ہے۔
واٹس ایپ کے مطابق یہ فیچر فی الحال محدود تعداد میں بیٹا صارفین کے لیے دستیاب ہے اور آنے والے ہفتوں میں ٹیسٹنگ مکمل ہو جانے کے بعد بتدریج تمام صارفین کے لیے جاری کر دیا جائے گا۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.