Native World News

’آگ لگ گئی تو ذمہ دار کون ہوگا‘، ایرانی تیل سے بھرا ٹینکرز 3 سال سے ضبط رکھنے پر عدالت شدید برہم

’آگ لگ گئی تو ذمہ دار کون ہوگا‘، ایرانی تیل سے بھرا ٹینکرز 3 سال سے ضبط  رکھنے پر عدالت شدید برہم

آئل ٹینکرز کو اس طرح بند رکھنا انتہائی خطرناک ہے، اقدام سے ٹینکر ڈرائیور بھی بے روزگار ہوگئے ہوں گے، جسٹس حسن رضوی

وفاقی آئینی عدالت نے ایرانی تیل سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران کسٹم حکام کی جانب سے آئل ٹینکرز کو تین سال سے بند رکھنے پر شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

سماعت کے دوران جسٹس حسن رضوی نے ریمارکس دیے کہ تین سال سے آتش گیر مواد سے بھرے ٹینکرز کسٹم حکام نے بند کر رکھے ہیں، اگر کسی کے سگریٹ جلانے سے آگ لگ گئی تو اس کا ذمہ دار کون ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ آئل ٹینکرز کو اس طرح بند رکھنا انتہائی خطرناک ہے اور اس اقدام سے ٹینکروں کے ڈرائیور بھی بے روزگار ہوگئے ہوں گے۔

کسٹم حکام کے وکیل وسیم سجاد نے مؤقف اختیار کیا کہ آئل ٹینکرز میں ایران سے پٹرول اسمگل کیا گیا ہے، جبکہ امپورٹرز کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ٹینکرز میں ایرانی پٹرول نہیں بلکہ لائٹ ایلی فیٹک ہائیڈرو کاربن موجود ہے۔

اس موقع پر جسٹس روزی خان نے ریمارکس دیے کہ یہ ایک بڑا کاروبار ہے، ہائیڈرو کاربن میں کیمیکل ملا کر پٹرول تیار کیا جا سکتا ہے۔

عدالت نے ہائیڈرو کاربن سے بھرے آئل ٹینکرز کا لیبارٹری ٹیسٹ کرانے کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ 15 روز کے اندر ٹیسٹ مکمل کیا جائے۔ عدالت نے قرار دیا کہ اگر ٹیسٹ درست آیا تو مناسب سیکیورٹی کے عوض ٹینکرز کو رہا کیا جائے، جبکہ لیبارٹری رپورٹ کے بعد متعلقہ فورم 30 روز میں معاملے کا فیصلہ کرے۔

کیس کی سماعت جسٹس حسن رضوی کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے کی۔

Source: https://www.express.pk/story/2816818/who-will-be-responsible-if-there-is-a-fire-court-furious-over-tankers-filled-with-iranian-oil-being-impounded-for-3-years-2816818

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.