ایوان نے پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے حوالے سے بھی قرارداد منظور کرلی
کراچی: سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر انتھونی نوید کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں مختلف اہم بلز منظور کر لیے گئے۔
اجلاس میں وزیر قانون ضیاء الحسن لنجار نے سندھ بلڈ ٹرانسفیوژن ایکٹ میں ترمیمی بل پیش کیا جسے ایوان نے منظور کر لیا۔
اجلاس میں جناح پوسٹ گریجویٹ میڈیکل سینٹر اور نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ سے متعلق بل بھی پیش کیا گیا، جس کے تحت دونوں اداروں کے ریگولیشن اور مینجمنٹ سے متعلق قانون سازی کی گئی۔ بل کے مطابق دونوں اسپتالوں کا مکمل کنٹرول صوبائی حکومت کے پاس ہوگا۔
سندھ اسمبلی نے پرائیویٹ سیکیورٹی کمپنیز، پرائیویٹ گارڈز اور سیکیورٹی انسٹی ٹیوٹس کے ریگولیشن سے متعلق بل بھی منظور کر لیا۔
مزید برآں، میڈیکل اینڈ ڈینٹل ایجوکیشن سے متعلق بل بھی ایوان میں پیش کیا گیا جس کے تحت سندھ میڈیکل اینڈ ڈینٹل ایجوکیشن کونسل کے قیام کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں سندھ ورکرز ویلفیئر فنڈ بل بھی پیش کیا گیا جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔
ایوان نے پاک چین سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے حوالے سے بھی قرارداد منظور کرلی، قراداد وزیر قانون ضیاء الحسن لنجار نے پیش کی جس میں دونوں ممالک کی دوستی کو تاریخی قرار دیا گیا۔
ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پاک چین دوستی ہمیشہ برقرار ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بے نظیر بھٹو دور میں یہ دوستی مضبوط ہوئی، پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاک چین دوستی کو اہمیت دی ہے، چین نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دیا۔
انہوں نے کہا کہ صدر مملکت نے چینی زبان کو نصاب میں شامل کیا اور سی پیک کی بنیاد رکھی، کراچی سے بڑے پیمانے پر چین کے ساتھ تجارت ہو رہی ہے، اس قراداد کی حمایت کرتا ہوں، یہ حکومت اور اپوزیشن کی متفقہ قراداد ہے، بعد ازاں سندھ اسمبلی کا اجلاس پیر کو 11 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔
Discussion
Sign in to join the thread, react, and share images.