Native World News

وینزویلا میں قیامت خیز زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 164 ہوگئی، 1 ہزار سے زائد زخمی

وینزویلا میں قیامت خیز زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 164 ہوگئی، 1 ہزار سے زائد زخمی

ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 7.2 اور 7.5 تھی، درجنوں کی حالت تشویشناک

وینزویلا کا دارالحکومت کراکس دو انتہائی طاقتور زلزلوں سے لرز اٹھا، جہاں چند سیکنڈ کے وقفے سے آنے والے 7.2 اور 7.5 شدت کے جھٹکوں نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی، اب تک ہلاکتوں کی تعداد 164 ہوگئی جبکہ 1 ہزار سے زائد زخمی ہیں۔

ایک منٹ کے اندر آنے والے دو طاقتور ترین زلزلوں کیوجہ سے متعدد رہائشی اور کمرشل عمارتیں منہدم ہوئیں جن کے ملبے تلے سیکڑوں افراد موجود ہونے کی اطلاعات ہیں۔

زلزلے کے بعد ہنگامی امدادی کام جاری ہیں جہاں رضاکار ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے کیلیے کوشاں ہیں اور اب تک 164 لاشیں نکالی جاچکی ہیں جبکہ درجنوں زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

زلزلے کے باعث شہری خوفزدہ ہوکر گھروں سے باہر سڑکوں پر آگئے۔

زلزلے مقامی وقت کے مطابق شام 6 بج کر 4 منٹ پر کراکس کے مغرب میں واقع علاقے میں آئے، تاہم ان کے جھٹکے پورے وینزویلا میں محسوس کیے گئے اور پڑوسی ملک کولمبیا کے دارالحکومت بوگوٹا تک بھی لرزش محسوس کی گئی۔

وینزویلا کے وزیر داخلہ نے شہریوں کو احتیاطاً گھروں سے باہر نکلنے کی ہدایت جاری کرتے ہوئے ہنگامی اداروں کو الرٹ کر دیا ہے۔

امدادی ٹیمیں متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن میں مصروف ہیں جبکہ کئی مقامات پر ملبے تلے افراد کے دبے ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

امریکی جیولوجیکل سروے (USGS) کے مطابق زلزلوں کے باعث بڑے پیمانے پر جانی و مالی نقصان کا خدشہ ہے۔

ادارے نے اندازہ ظاہر کیا ہے کہ ہلاکتوں کی تعداد 10 ہزار سے تجاوز کرنے کے امکانات 44 فیصد ہیں جس کے باعث صورتحال انتہائی تشویشناک قرار دی جا رہی ہے۔

وینزویلا کا مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈہ شدید نقصان کے باعث بند

حکومتی عہدیدار روڈریگیز کے مطابق وینزویلا کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے مائیکیٹیا ایئرپورٹ کو زلزلے سے ہونے والے شدید نقصان کے باعث بند کر دیا گیا ہے۔

زلزلے کے فوراً بعد سامنے آنے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ مسافر اور عملہ خوف و ہراس کے عالم میں ایئرپورٹ کی راہداریوں سے باہر نکل رہے ہیں جبکہ زلزلے کے جھٹکوں کے دوران چھتوں سے گرد و غبار کے بڑے بادل نیچے گرتے دکھائی دیے۔

حکام کے مطابق ایئرپورٹ کو پہنچنے والے نقصان کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مزید معائنے مکمل ہونے تک پروازوں کی آمد و رفت معطل رہے گی۔

زلزلے ایسے وقت میں آئے جب وینزویلا میں قومی تعطیل منائی جا رہی تھی اور بڑی تعداد میں لوگ اپنے گھروں میں موجود تھے جس سے جانی نقصان بڑھنے کا اندیشہ مزید بڑھ گیا ہے۔

حکام کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے جبکہ ہسپتالوں، ریسکیو اداروں اور سیکیورٹی فورسز کو مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق کئی علاقوں میں بجلی اور مواصلاتی نظام بھی متاثر ہوا ہے جبکہ تباہی کی مکمل تصویر سامنے آنے میں وقت لگ سکتا ہے۔

امریکی نائب وزیر خارجہ کی ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

امریکی نائب وزیر خارجہ کرسٹوفر لینڈاؤ نے کہا ہے کہ امریکا اس مشکل وقت میں وینزویلا کے عوام کے ساتھ کھڑا ہے اور امدادی سرگرمیوں کے لیے متعلقہ حکام سے مسلسل رابطے میں ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر اپنے بیان میں کرسٹوفر لینڈاؤ نے کہا کہ آج شام آنے والے تباہ کن زلزلوں کے بعد امریکا وینزویلا کے عوام کے ساتھ اظہارِ یکجہتی کرتا ہے۔ ہم مقامی حکام سے رابطے میں ہیں اور امدادی معاونت کو متحرک کیا جا رہا ہے۔

The US stands with the Venezuelan people in the aftermath of this evening’s devastating earthquakes. We’re in touch with the authorities and mobilizing assistance. May God bless our Venezuelan friends at this difficult moment. ¡Fuerza Venezuela! ¡Estamos con Ustedes! 🇺🇸🙏🇻🇪

امریکی حکام کے مطابق امدادی کارروائیوں اور انسانی ہمدردی کی بنیاد پر مدد اور متاثرین کی ضروریات پوری کرنے کے لیے مختلف اداروں کے درمیان رابطے جاری ہیں، جبکہ صورتحال کا مسلسل جائزہ لیا جا رہا ہے۔

Source: https://www.express.pk/story/2819151/the-earth-shook-with-the-tremors-of-a-devastating-earthquake-in-venezuela-several-buildings-collapsed-deaths-feared-2819151/

Discussion

Sign in to join the thread, react, and share images.